ایران امریکہ کے خلاف عالمی عدالت میں پہنچ گیا، مقدمہ دائر

ایران نے امریکا کے خلاف ایک بڑا قانونی اقدام کرتے ہوئے دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی ثالثی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ مقدمہ امریکا کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر مبینہ فوجی جارحیت، اقتصادی پابندیوں کے نفاذ اور طاقت کے استعمال کی دھمکیوں کے خلاف دائر کیا گیا ہے۔ایران نے اپنی درخواست کی بنیاد 1981 کے الجزائر معاہدوں پر رکھی ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ امریکا نے حالیہ 12 روزہ کشیدگی کے دوران ایران کے خلاف اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی ہے۔

مقدمے میں ایران نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکا کو ایران کے داخلی معاملات میں ہر قسم کی مداخلت فوری طور پر روکنے کا پابند بنایا جائے، اور اس بات کی ضمانت دی جائے کہ آئندہ ایسی خلاف ورزیاں دوبارہ نہ ہوں۔اس کے ساتھ ایران نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ امریکا کی مبینہ کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کو پہنچنے والے تمام نقصانات کا مکمل معاوضہ ادا کیا جائے۔

یہ مقدمہ ایران امریکا تعلقات میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم قانونی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تنازع ایک نئے بین الاقوامی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔

Back to top button