آئی ایم ایف وفد کا وزارت خزانہ میں بجٹ مذاکرات کا آغاز

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد بجٹ مذاکرات کے لیے وزارت خزانہ پہنچ گیا ہے، جہاں تعارفی سیشن کے ساتھ باقاعدہ مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔ ان مشاورتوں کے بعد آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ تیار کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد اور وزارت خزانہ کے درمیان آئندہ دنوں میں اہم اور تفصیلی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ اسی دوران اسٹیٹ بینک حکام کے ساتھ بھی الگ سے مذاکرات ہوں گے۔ مذاکرات میں نئے بجٹ اہداف، ٹیکس ریونیو میں اضافہ، مالی اصلاحات، توانائی کے شعبے میں اقدامات اور نجکاری کے عمل میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی تیاری آئندہ ہفتے تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، جبکہ بجٹ موجودہ معاشی صورتحال اور آئی ایم ایف کی مشاورت کے مطابق ترتیب دیا جا رہا ہے۔حتمی بجٹ اہداف اور مالی منصوبہ بندی کی منظوری پارلیمنٹ سے لی جائے گی، جبکہ آئی ایم ایف کی جانب سے مقرر کردہ اہداف پر عمل درآمد کو بھی شرط کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ آئی ایم ایف کا یہ وفد 20 مئی تک پاکستان میں موجود رہے گا اور اس دوران مختلف اقتصادی شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

Back to top button