شادی سے قبل اداکارہ صبا فیصل کو والدہ نے کیا نصیحت کی؟

معروف اداکارہ صبا فیصل نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے قبل ان کی والدہ نے ان کو نصیحت کی تھی کہ بیٹا شوہر سے ہمیشہ ایک قدم پیچھے رہنا، جس پر اداکارہ آج تک عمل کر رہی ہیں۔صبا فیصل نے انسٹاگرام پر ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’کچھ باتیں اور کچھ روایتیں ہر دور میں ہماری مشرق کی روایات کی ترجمان ہوتی ہیں، اداکارہ نے ویڈیو میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آج پھر میں آپ لوگوں کے ساتھ اپنی والدہ کی ایک بات شیئر کروں گی، وہ اور ان کی چھوٹی بہن فرح جو ان سے 2 سال چھوٹی ہیں لیکن ان دونوں کی شادی ایک ہی دن ہوئی تھی تو ان کی والدہ نے انہیں شادی سے ایک دن پہلے نصیحت کی تھی جو انہیں آج بھی یاد ہے۔صبا فیصل نے بتایا کہ کس طرح پرانے زمانے میں مائیں اپنی بیٹیوں کو شادی شدہ زندگی کو خوشگوار اور آسان بنانے کے لیے اہم نصیحتیں کیا کرتی تھیں، آج کے زمانے میں شاید یہ رواج ہو لیکن پہلے وقتوں میں مائیں اپنی بیٹیوں کو بہت سمجھایا کرتی تھیں۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کی والدہ نے انہیں نصیحت کی تھی کہ ہمیشہ اپنے شوہر سے ایک قدم پیچھے اور ایک قدم نیچے رہنا تاکہ جب بھی سر اُٹھا کر دیکھو تو تمہیں آسرے کے لیے اپنے شوہر کا چہرہ نظر آئے نا کہ کھلا آسمان، والدہ کی جانب سے یہ نصیحت بہت گہری بات تھی، وہ اور ان کی بہنیں آج بھی اس نصیحت پر عمل کرتی ہیں، وہ خود پرانے خیالات کی مالک ہیں اور شوہروں کو بہت اہمیت دیتی ہیں لیکن صرف ان شوہروں کو جو بدلے میں اپنی بیویوں کو عزت اور محبت دیتے ہیں۔

Back to top button