محسن نقوی کا منی لانڈرنگ اور انسانی سمگلنگ کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ، جعلی ادویات اور انسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا اور کراچی زون و ساؤتھ زون کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث بڑے عناصر پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے اور پوری منی ٹریل بے نقاب کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حوالہ ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹس اور مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کے بھی احکامات دیے اور کہا کہ معصوم لوگوں کو دھوکہ دے کر بیرون ملک بھیجنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیر داخلہ نے جعلی ادویات کے کاروبار پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عناصر انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں اور انہیں قانون کے دائرے میں لایا جائے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ایف آئی اے کراچی زون میں انسانی وسائل کی کمی ترجیحی بنیاد پر دور کی جائے گی اور ادارے کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ کارکردگی میں بہتری اور ادارے کی نیک نامی بڑھائی جا سکے۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 4 ماہ میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹس گرفتار کیے گئے، 140 ملین روپے کی غیر کسٹم شدہ مصنوعات اور ڈرگز ضبط کی گئی ہیں اور کراچی ائیرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے سہولت سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔
