معروف تاجر سراج قاسم تیلی انتقال کر گئے

ملک کے معروف صنعتکار، تاجر اور چیئرمین بزنس مین گروپ سراج قاسم تیلی دبئی میں انتقال کرگئے۔
خاندانی ذرائع نے کراچی ایوان صنعت و تجارت (کے سی سی آئی) کے سابق صدر سراج قاسم تیلی کے انتقال کی تصدیق کی۔ذرائع نے بتایا کہ وہ کام کے سلسلے میں دبئی گئے تھے جہاں وہ نمونیا کا شکار ہوگئے، جس کے بعد آج وہ خالق حقیقی سے جاملے۔سراج قاسم تیلی کا شمار نہ صرف کراچی بلکہ ملک کے بڑے تاجروں میں ہوتا تھا اور وہ کراچی کے حوالے سے ہمیشہ ایک توانا آواز سمجھے جاتے تھے۔وہ ملک کی معاشی سرگرمیوں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے اور انہیں خدمات پر انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔کراچی کے معاشی سرگرمیوں کی بحالی اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے آواز اٹھانے والوں میں سراج قاسم تیلی ہمیشہ سرگرم عمل رہتے تھے۔
ان کی وفات پر کراچی ایوان صنعت و تجارت کے صدر شارق وہرہ نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ سراج قاسم تیلی اس ملک کا اثاثہ تھے اور وہ صرف کراچی نہیں پورے پاکستان کی تاجر برادری کے لیڈر تھے۔انہوں نے کہا کہ سراج قاسم تیلی نے اپنی پوری زندگی تاجر برادری کے لیے وقف کی اور انہوں نے 23 سال کراچی ایوان صنعت و تجارت کو دیے اور اسے پاکستان اور دنیا کا نامور چیمبر بنانے میں مدد کی۔شارق وہرہ کا کہنا تھا کہ پوری تاجر برادری اس وقت سوگوار ہے، ایسے بہادر لیڈر بہت کم ہوتے ہیں، ہمیں بالکل یقین نہیں آرہا کہ سراج قاسم تیلی ہمیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
چیئرمین بزنس مین گروپ (بی ایم جی) سراج قاسم تیلی نمونیا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ چند دن سے دبئی کے اسپتال میں داخل تھے۔17 مئی 1953 کو کراچی میں پیدا ہونے والے سراج قاسم تیلی نے گورنمنٹ کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس نے 1974 میں گریجویشن مکمل کیا۔ انہوں نے ملکی معیشت اور پبلک سروس میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا اوران کی خدمات کے اعتراف میں سابق صدر آصف علی زرداری نے انہیں 23 مارچ 2011 کو ستارہ امتیاز سے بھی نوازا۔سراج قاسم تیلی کو کراچی کی آواز تصور کیا جاتا تھا اور انہوں نے ہمیشہ کراچی کے انفرا اسٹرکچر میں بہتری کے لیے آواز اٹھائی اور کوششیں بھی کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button