سندھ میں بھی امتحانات منسوخ، طلبہ کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ

حکومت سندھ نے بھی کورونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر بورڈ کے امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ بورڈ کے امتحانات منسوخ کرنےکا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد سندھ میں میٹرک اور انٹر کے پرچے نہیں ہوں گے اور طلبہ کو پروموٹ کیا جائے گا۔ انہوں نےکہا کہ امتحانات نہ لینے کا فیصلہ سندھ حکومت کی تعلیمی اسٹیئرنگ کمیٹی نے کیا ہے اور بچوں کو اگلی جماعت میں پروموٹ کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے لیکن طلبہ کو اگلی جماعت میں پروموٹ کرنے کےلیے قانون تبدیل ہوگا کیوں کہ امتحانی بورڈ کے موجودہ قانون کے تحت طلبہ کو بغیر امتحان پروموٹ نہیں کرسکتے۔ وزیر تعلیم سندھ نے بتایا کہ طلبہ کی پرسنٹیج تبدیل کی جائے گی تاکہ انہیں اگلی کلاس میں داخلہ لینے میں پریشانی نہ ہو۔
واضح رہے کہ سندھ میں اس سے قبل صرف پہلی سے آٹھویں کلاس کے طلبہ کو پروموٹ کرنے کافیصلہ کیا گیا تھا۔
وزیرتعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ اسکولوں کو بند نہیں رکھا جاسکتا، بچوں کی تعلیم کو بھی دیکھنا ہے، اسی لیے کچھ دنوں میں آن لائن تعلیمی نظام کا اعلان کرنے جارہے ہیں۔