کورونا وائرس : برطانوی وزیراعظم اسپتال میں داخل

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو بدستور کورونا وائرس کی علامتوں کا سامنا ہے اور تشخیص کے 10 روز بعد بھی وہ اسپتال میں زیرِ علاج ہیں تاہم ڈاؤننگ اسٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حکومت کی سربراہی انہیں کے پاس ہے۔
برطانوی حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ ’وزیراعظم اب بھی اسپتال میں موجود ہی اور رات بھی انہوں نے اسپتال میں گزاری‘۔
خیال رہے کہ بورس جانسن میں گزشتہ ماہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت پایا گیا تھا جس کے بعد انہیں ڈاؤننگ اسٹریٹ میں آیئسولیٹ کردیا گیا تھا تاہم بخار بدستور تیز رہنے پر ڈاکٹروں نے ان کے کچھ اور ٹیسٹس کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر انہیں اتوار کی رات اسپتال لے جایا گیا تھا۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’اپنے معالج کی ہدایت پر وزیراعظم آج رات مزید ٹیسٹ کروانے کے لیے ہسپتال میں داخل ہوگئے‘۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ’یہ ایک احتیاطی اقدام ہے کیوں کہ وزیراعظم کو کورونا وائرس کی تشخیص کے 10 روز گزرنے کے باوجود کورونا وائرس کی علامتوں کا سامنا ہے‘۔
یاد رہے کہ 55 سالہ بورس جانسن کو 27 مارچ کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور یوں وہ اس وبا سے متاثر ہونے والے دنیا کے پہلے برسر اقتدار رہنما بن گئے تھے۔ وائرس کی تشخیص کے بعد وہ ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ایک اپارٹمنٹ میں آئیسولیٹ ہوگئے تھے اور جمعے کے روز انہوں نے بتایا تھا کہ ان کا بخار اب بھی تیز ہے اس لیے وہ وہیں مقیم ہیں۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ یہ ہنگامی صورت حال میں اسپتال میں داخل ہونے کا معاملہ نہیں تھا اور بورس جانسن اب بھی حکومت کی باگ دوڑ سنبھالے ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ سیکریٹری خارجہ ڈومینک راب کووِڈ 19 پر حکومت کے ہنگامی اجلاس کی سربراہی کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button