گوجرانوالہ: دلہن شادی کرنے ہسپتال پہنچ گئی

گوجرانوالہ: پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں دلہن شادی کرنے ہسپتال پہنچ گئی۔گوجرانوالہ کے علاقے دھونکل کے رہائشی دلہا کی شادی 9 جولائی کو ماریہ کے ساتھ طے تھی لیکن ایک روز قبل 8 جولائی کو دلہے رضوان کا ایکسیڈنٹ ہو گیا جس میں اس کی ٹانگ 3 جگہ سے ٹوٹ گئی۔
حادثے کے باعث دلہے کو نجی ہسپتال میں داخل کر لیا گیا تاہم دلہن نے شادی ملتوی کرنے کے بجائے ہسپتال جا کر دلہے سے نکاح کر لیا۔دلہن ماریہ 9 جولائی کو شادی کے روز عروسی لباس پہنچ کر نجی ہسپتال پہنچ گئی جہاں ہسپتال انتظامیہ کی اجازت سے دونوں کا نکاح کروا دیا گیا۔ نکاح کے بعد دلہن نے دلہے کے ساتھ شادی کی تصاویر بھی بنوائیں۔
نکاح کے وقت دلہن ٹیبل پر جبکہ دلہا بیڈ پر اپنی والدہ کے ساتھ بیٹھا اور نکاح کے بعد دلہن نے بیڈ پر زخمی دلہے کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
واضح رہے کہ رضوان کی 5 سال قبل گوجرانوالہ کی ماریہ سے فیس بک پر دوستی ہوئی تھی اور دلہا رضوان اٹلی سے گوجرانوالہ میں پسند کی شادی کرنے کے لیے آیا تھا۔رضوان کے گھر والوں نے ماریہ کے گھر والوں سے رشتہ مانگا تو وہ شادی کرنے پر راضی ہو گئے تھے۔
