آئمہ بیگ نے کیفی خلیل کے مشہور گانے کا زنانہ ورژن گا دیا

معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے بلوچی گلوکار اور نغمہ نگار کیفی خلیل کے مشہور گانے ’’کہانی سنو‘‘ کو زنانہ آواز دیتے ہوئے ریلیز کر دیا ہے، کہانی سنو کے فی میل ورژن کو لوگوں کی جانب سے کافی پسند کیا جا رہا ہے، یہ گانا ریلیز کے فوری بعد ہی ٹرینڈ بن گیا۔ آئمہ نے اپنی سُریلی آواز میں رواں سال کے سپرہٹ گانے’کہانی سنو‘ کا فی میل ورژن ریلیز کر دیا ہے۔ انسٹا گرام پر آئمہ بیگ نے نئی میوزک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ مائیک تھامے یہ گانا گاتی دکھائی دے رہی ہیں۔

یاد رہے کہ ’کہانی سُنو‘ چند ماہ پہلے کنا یاری کے بلوچی گلوکار کیفی خلیل نے ریلیز کیا تھا، یہ گانا 2022 کا سپرہٹ گانا رہا جسے یوٹیوب پر ایک کروڑ 80 لاکھ دفعہ سنا جا چکا ہے جبکہ سپاٹی فائی پر 60 لاکھ مرتبہ سنا جا چکا ہے۔آئمہ بیگ کا نام اس وقت موسیقی کے بڑے ناموں میں سے شمار کیا جاتا ہے، خاص کر کوک سٹوڈیو میں ان کے گانے بہت پسند کیے گئے۔ آئمہ بیگ نے بتایا کہ انہوں نے ’پیار ہوا تھا‘ کیفی سے اجازت لے کر ہی گایا ہے۔’میری امی نے مجھے بچپن ہی سے بہت تمیز سکھائی ہے، اس لیے میں نے پوچھ کر ہی گایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب میں نے کیفی سے پوچھا کہ مجھے یہ گانا گانا ہے تو انہوں نے خوشی سے اجازت دی کیونکہ وہ خود بھی سننا چاہتے تھے۔

آئمہ نے گانے کی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ جب انکا دل ٹوٹا تھا  تو تب کیفی خلیل کے اس گانے نے انکا دل جوڑنے میں کافی مدد کی تھی۔ آئمہ نے کہا کہ وہ ایک گانا بناتے ہوئے پھنس گئی تھیں، اس دوران جب کیفی کا گانا سنا تو محسوس ہوا کہ یہ تو وہی ہے جو وہ سنانا چاہتی تھیں۔ اس لیے میں نے وہی گانا گا دیا اور اسے لڑکی کی آواز دے دی۔

آئمہ بیگ نے ہنستے ہوئے کہا: ’اب لوگ کہیں گے کہ اچھا گانا گایا ہے تو اور دل ٹوٹے، مگر اب دل جڑ گیا ہے، وہ تو ٹوٹتا جڑتا ہی رہتا  ہے نا، وہ چیز ہی ایسی ہے۔‘ آئمہ کا کہنا تھا کہ انکا دل جوڑنے میں موسیقی نے بڑی مدد کی اور یہ گانا 24 گھنٹے سے کم وقت میں ہی یوٹیوب پر ٹرینڈ کرنے لگا۔

آئمہ نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا ہے کہ انہیں ڈانس کرنے کا کافی شوق ہے، اسی لیے انہوں نے اپنی بہنوں کی شادیوں پر بھی ڈانس کیا۔ ان دنوں سوشل میڈیا پر شوبز فنکاروں کی نجی زندگی کی تفصیلات آنے سے کھڑے ہونے والے مسائل بارے پوچھے گئے سوال پر انکا کہنا تھا کہ لوگ انہیں ’سلیبرٹی‘ سمجھتے ہیں اس لیے وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ان کے جذبات نہیں ہوتے۔ لیکن لوگوں کو سمجھنا ہوگا کہ ہم بھی انسان ہیں اور ہم بھی غم و پریشانی کا شکار ہوتے ہیں‘۔ آئمہ بیگ نے کہا کہ وہ ہر بات دل پر لے لیا کرتی تھیں، مگر اب بہت کچھ سیکھ لیا ہے۔

Back to top button