آرمی چیف جنرل قمر جاوید سے امریکی نائب وزیرخارجہ کی ملاقات

امریکہ کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس کے دوران بامقصد رابطوں پر زور دیا گیا ، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
امریکہ کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن نے کہا کہ علاقائی امن کیلئے پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں ، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اورعلاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے جبکہ افغانستان میں انسانی بنیادوں پر امور پر بھی بات چیت کی گئی ۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اوراستحکام کیلئے ہرممکن کوششوں کے لیے پرعزم ہے ، پاکستان افغانستان میں تمام دھڑوں پر مشتمل حکومت کے قیام کی بھرپور حمایت کرتا ہے ، افغانستان میں پائیدار امن کیلئے تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
آرمی چیف نے دونوں ملکوں کے درمیان بامقصد رابطوں کی ضرورت پر زور دیا ، اس موقع پر امریکی نائب وزیر خارجہ نے افغان صورتحال پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا افغانستان سے غیرملکیوں کے کامیاب انخلا میں تعاون قابل قدر رہا۔
