آرمی چیف کوئی بھی ہو مجھے فرق نہیں پڑتا

تحریک انصاف کے چیئرمین وسابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری میرٹ پر ہو اور سپہ سالار کے عہدے پر کسی بھی شخص کو تعینات کیا جائے تو مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
لاہور میںایوان وزیراعلی 90شاہراہ قائد اعظم پر سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مرضی کا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں، یہ تو سیکیورٹی تھریٹ ہے کیونکہ ایک مجرم کیسے آرمی چیف کا فیصلہ کرسکتا ہے،ان کو اپنی کرپشن کا ڈر ہے جبکہ مجھے کوئی ڈر نہیں، سائفر کہیں چوری نہیں ہوا بلکہ اس کی ماسٹر دستاویز دفتر خارجہ میں ہوتی ہے، شکر ہے انہوں نے سائفر کو تسلیم تو کیا، اگر تحقیقاتی کمیٹی نے مجھے بلایا تو پہلے پوچھوں گا کہ ڈونلڈ لو نے کس کو ہٹانے کا حکم دیا اور پھر انہیں این آر او دے دیا گیا۔
انہوں نے کہا لانگ مارچ کی تاریخ کسی کو نہیں بتاؤں گا، ہر چیز ریکارڈ ہوتی ہے تاریخ میں نے اپنے تک رکھی ہے، شاہ محمود قریشی میرے وائس چیئرمین ہیں ان کو بھی نہیں بتایا، مجھے تو 16 اکتوبر دور لگتا ہے ہوسکتا ہے ضمنی انتخاب کی نوبت ہی نہ آئے۔
سابق وزیر اعظم کا کہناتھا الیکشن کمیشن جانبدار ہے، یہ مجھے اُس کے ساتھ مل کر توشہ خانہ کیس میں نااہل کروانا چاہتے ہیں، چیلنج کے کہ میرا، زرداری، نواز شریف کا توشہ خانہ کیس ایک ساتھ سن لیا جائے، میں نے کچھ غیر قانونی نہیں کیا جبکہ انہوں نے تو غیر قانونی طور پر قیمتی گاڑیاں لے لیں، تو شہ خانہ میں زرداری اور نوازشریف قیمتی گاڑیاں نہیں لے سکتے تھے مگر وہ گھر لے گئے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا ہر کام مذاکرات سے ہوسکتا ہے، آخر میں تو مذاکرات سے ہی باتیں طے ہوتی ہیں،انہوں نے نیب چیئرمین مرضی کا لگا لیا، یہ اداروں کے سربراہ اپنی مرضی کے لگانا چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن جتنا جانبدار اتنا کبھی نہیں دیکھا۔
عمران خان کاکہناتھا رانا ثنا اللہ ہمارے لانگ مارچ کو کیسے روکے گا کیونکہ اسلام آباد کے چاروں طرف پنجاب خیبر پخوتخونخوا،آزاد کشمیر میں ہماری حکومتیں ہیں، رانا ثنا خالی دھمکیاں دے رہا ہے۔
