آزاد کشمیر ضمنی انتخابات: پی ٹی آئی ، پی پی ایک ایک سیٹ پر کامیاب

آزاد کشمیر میں ضمنی انتخابات کے غیر حتمی ، غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے حلقہ ایل اے تھری جبکہ پیپلزپارٹی نے حلقہ ایل اے ٹو سے میدان مار لیا۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے چوہدری یاسر سلطان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری عامر یٰسین نے ایل اے۔تھری میرپور تھری اور ایل اے۔ٹو کوٹلی فائیو کے ضمنی انتخابات میں نمایاں اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی۔ میرپورمیں آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود کے صاحبزادے 46 سالہ یاسر سلطان نے 20 ہزار 142 ووٹ حاصل کر کے مسلم لیگ ن کے چودھری محمد سعید کو شکست دے دی جنھوں‌ نے مجموعی طور پر 11 ہزار 608 ووٹ حاصل کیے تھے ۔

عام انتخابات کے دوران محمد سعید کو سلطان محمود کے ہاتھوں 3 ہزار200 ووٹوں کے فرق سے شکست ہوئی تھی لیکن اتوار کے روز ضمنی انتخابات میں یہ فرق 8 ہزار 500 سے زائد ووٹوں کا ہو گیا تھا ، پی ٹی آئی کے عمیر اصغر چودھری نے 3 ہزار 843 ووٹ سمیٹے جبکہ پیپلز پارٹی کے چودھری محمد اشرف ایک ہزار 450 ووٹ ہی حاصل کر سکے۔

ایل اے 12 کوٹلی کے 197 میں سے 194 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے سابق قانون ساز چوہدری محمد یٰسین کے صاحبزادے عامر یٰسین آسان فتح حاصل کر رہے ہیں۔وہ حکمراں جماعت پی ٹی آئی کے قریبی حریف چوہدری شوقت فرید سے 5 ہزار 500 ووٹوں کے بڑے فرق سے آگے ہیں۔ذرائع کے مطابق 34 سالہ عامر یٰسین نے 24 ہزار 335 ووٹ حاصل کیے جبکہ پی ٹی آئی کے شوکت فرید 18 ہزار 835 اور مسلم لیگ (ن) کے راجاریاست 17 ہزار 894 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عام انتخابات میں عامر یٰسین صرف ایک ہزار 450 ووٹوں کے فرق سے کامیاب ہوئے تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے راجا ریاست 20 ہزار 80 ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور پی ٹی آئی کے فرید شوکت 17 ہزار 525 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھے۔عامر یٰسین کےمنتخب ہونے کے بعد وہ اور ان کے والد وہ تیسرے باپ بیٹے ہوں گے جو ایک ہی وقت میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن ہیں۔

ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد 53 اراکین کے ایوان میں پاکستان تحریک انصاف کے قانوں سازوں کی تعداد 32 ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے 12، مسلم لیگ (ن) کے 7، جموں و کشمیر پیپلز پارٹی (جے کے پی پی) اور مسلم کانفرنس (ایم سی) کے ایک، ایک رکن موجود ہیں۔جے کے پی پی اور ایم سی، پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعتیں ہیں۔

Back to top button