آپ کی آنکھوں کا رنگ آپ کی شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے

کہا جاتا ہے کہ انسان کی آنکھیں بولتی ہیں اور کئی ایسے راز افشاء کر دیتی ہیں جو وہ کسی کے سامنے ظاہر کرنے سے کتراتا ہے۔ اب سائنس بھی مانتی ہے کہ آنکھوں کی رنگت آپ کی شخصیت میں چھپے گہرے راز آشکار کردیتی ہے۔
سویڈن کی اوریبرو یونیورسٹی میں 428 افراد سے کئے گئے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آنکھوں کی رنگت اور شخصیت کے درمیان گہرا تعلق ہے جب کہ ایڈنبرا یونیورسٹی کے ڈاکٹر اینٹونی فیلون کے مطابق آنکھوں میں دماغی افعال کے بارے میں بہت اہم معلومات ہوتی ہیں کیوں کہ دماغ کا یہ واحد حصہ ہے جو باہر کی دنیا دیکھ سکتا ہے۔ ان کے مطابق آنکھوں کی رنگت اور شخصیت کے درمیان گہرا تعلق ہوتا ہے۔
سیاہ آنکھیں
تحقیق کے مطابق سیاہ آنکھوں والے لوگ قدرتی لیڈرشپ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ خصوصاً پاکستان میں آبادی کی اکثریت کی آنکھیں اسی رنگ کی ہیں۔
نیلی آنکھیں
دنیا کی 16 فیصد آبادی نیلی آنکھوں کی حامل ہے جو جسمانی مضبوطی کو ظاہر کرتی ہے۔ نیلی آنکھوں واکی خواتین میں ذہنی تناؤ اور ڈپریشن کو جھیلنے کی زبردست صلاحیت ہوتی ہے۔ پیشہ ورانہ زندگی میں ایسی خواتین متحرک، ذہین اور اعلیٰ اوصاف کی مالک ہوتی ہیں۔
سرمئی آنکھیں
سرمئی یا گرے آنکھیں اگرچہ بہت نایاب ہیں اور یہ نیلی آنکھوں کا ہی ایک شیڈ ہے۔ ایسی آنکھوں والے مرد و خواتین بہت حد تک متوازن شخصیت کے مالک ہوتے ہیں ایسے لوگوں کا رویہ دفاعی ہوسکتا ہے اور وہ اپنے ماتحتوں سے سخت محنت کرواتے ہیں۔
سبز مائل براؤن آنکھیں
ایسی آنکھیں بھی نایاب ہیں جن میں آنکھوں کی بیرونی جانب کی رنگت سبز ہوتی ہے اور پتلی کی جانب کی رنگت ہلکی براؤن ہوتی ہیں۔ ایسے لوگ آزاد، خودمختار اور خود اعتماد ہوتے ہیں۔ ان کی شخصیت کے بارے میں پیش گوئی کرنا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ یہ کچھ پیچیدہ ہوتی ہے۔ ایسے لوگوں کے ساتھ کام کرنا بھی ایک چیلنج ہوتا ہے۔
سبز آنکھیں
سبز آنکھوں والے پر اسرار اور جنسی کشش رکھتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے رویے کے متعلق پیش گوئی نہیں کی جاسکتی لیکن انہیں فوری طور پر غصہ نہیں آتا۔ ایسے لوگ دباؤ اور چیلنج میں بہت اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں۔
