آڈیو لیکس پراعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی

وزیراعظم شہباز شریف نے آڈیو لیکس کے معاملے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دے دی، جس میں وفاقی وزرا اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان شامل ہیں۔

کابینہ ڈویژن کےجاری نوٹیفکیشن کے مطابق اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ ہوں گے، اس کے علاوہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات سید امین الحق، انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے ڈائریکٹر جنرل اور کابینہ سیکریٹری شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے)، وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے)، آئی ایس آئی اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تکنیکی ماہرین بھی اس تحقیقاتی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

کمیٹی وزیر اعظم آفس میں سائبر سیکیورٹی بریچ کا جائزہ لے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اس معاملے پر 7 دنوں کے اندر تمام پہلوؤں کو دیکھا جائے۔

نوٹیفکیشن کے کمیٹی وزیر اعظم ہاؤس کے موجودہ سائبر سیکیورٹی پروٹوکولز کا جائزہ لے گی، اوریہ فول پروف سیکیورٹی سسٹم اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم تیار کرنے کے لیے فوری اقدامات اور ایکشن پلان تجویز کرے گی۔

Back to top button