ابرار الحق اوراداکار مشی خان آمنے سامنے کیوں آ گئے؟

معروف گلوکار ابرارالحق نے اداکارہ مشی خان کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ عین ممکن ہے کہ بالی وڈ میں کام کی پیش کش ملنے پر مشی خان خوشی سے ہی فوت ہوجاتیں۔
دوسری جانب اداکارہ مشی خان نے بھی ابرارالحق کی جانب سے فوت ہونے کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ گلوکار ابرارالحق ان کے بالی وڈ میں کام کی پیش کش پر خوشی سے مرنے کی بات نہ کریں، جس کی موت جب لکھی ہوگی، وہ تب مرے گا۔
واضح رہے کہ ابرارالحق نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں ماضی میں بالی وڈ میں کترینہ کیف کے ساتھ کام کی پیش کش ہوئی تھی لیکن انہوں نے آفر مسترد کردی تھی، ابرارالحق نے کہا تھا کہ ان کے اس بیان کے بعد لوگوں نے ان کا بہت مذاق اڑایا تھا۔ ان کی بات پر سب سے زیادہ مذاق اداکارہ مشی خان نے اڑایا اور انہوں نے اس طرح کے جملے استعمال کیے جن سے انہیں کافی تکلیف پہنچی۔
ابرارالحق نے مشی خان کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ان پر اس طرح تنقید کی، جیسے وہ پاکستانی ہی نہ ہوں۔
ابرارالحق کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے 12 سال قبل بھی بالی وڈ میں کام کی پیش کش پر بات کی تھی، جس کا کلپ بھی موجود ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ دوسرے لوگوں کو کیا لگتا ہے کہ انہیں کبھی بھارت میں میوزک کنسرٹ کی پیش کش نہیں ہوئی ہوگی؟۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کےلیے بھارت میں کام کرنے کی پیش کش کوئی معنی نہیں رکھتی، وہ اپنے ملک میں بہت سارے اسپتال بنا سکتے ہیں، بہت سے لوگوں کی مدد کر سکتے ہیں، ان کا یہاں کام کرنا ہی ان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
ابرار الحق نے مشی خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ عین ممکن ہے کہ مشی خان کےلیے بھارت میں کام کرنے کی پیش کش بڑی معنی رکھتی ہو۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ عین ممکن ہے کہ مشی خان بالی وڈ میں کام کی پیش کش ملنے پر خوشی سے ہی مر جائیں۔ ابرار الحق کا مزید کہنا تھا کہ یہ کتنی مزاحیہ اور دلچسپ بات ہوگی کہ مشی خان بالی وڈ میں کام کرنے کی پیش کش پر ہی فوت ہوجائیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جب ابرارالحق نے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں بالی وڈ میں کام کی پیش کش ہوئی تھی تو مشی خان نے گلوکار ابرارالحق پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی بات سال کا سب سے بڑا مذاق ہے۔
ابرارالحق کی ویڈیو کے بعد مشی خان نے بھی انہیں جواب دیتے ہوئے مختصر ویڈیو جاری کردی، جس میں انہوں نے گلوکار ابرارالحق کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے ابرارالحق کو یاد دلایا کہ کچھ عرصہ قبل ہی انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران منہ پر ہاتھ رکھ کر پی ٹی آئی کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، وہ اپنی بات کیوں بھول گئے؟
مشی خان نے یہ بھی بتایا کہ تقریبا 30 سال قبل 1996 میں جب ابرارالحق کو کوئی نہیں جانتا تھا تب انہیں ابرارالحق کے ایک میوزیکل کنسرٹ کےلیے کراچی سے لاہور میزبانی کےلیے بلایا گیا تھا۔ مشی خان نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اسی میوزیکل کنسرٹ میں ابرارالحق کو اس وقت حوصلہ دیا جب انہیں کوئی نہیں جانتا تھا۔
مشی خان نے ابرارالحق کو مخاطب ہوئے کہا کہ تب وہ بطور استاد ملازمت کرتے تھے جب کہ مشی خان کو اس وقت بھی دنیا جانتی تھی۔
مشی خان نے مزید کہا کہ ابرار الحق ان کے بالی وڈ میں کام کی پیش کش پر خوشی سے مرنے کی بات نہ کریں، جس کی موت جب لکھی ہوگی، وہ تب مرے گا اور ایسی بات نہیں کریں کہ وہ خوشی سے ہی مر جائیں گی۔
