احد رضا میر اور سجل علی میں لمبی جُدائیاں پڑ گئیں

سوشل میڈیا پر ایک مرتبہ پھر اداکار احد رضا میر اور اداکارہ سجل علی کے درمیان علیحدگی کی افواہوں کا بازار گرم ہو ہے، اداکارہ سجل علی کی جانب سے انسٹاگرام پر اپنے نام سے شوہر احد رضا میر کا نام نکالنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد دونوں میں لمبی جدائیوں کی پیشگوئیاں کر رہی ہے۔ اس وجہ سے اب احد رضا میر اور سجل علی کا نام سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہا ہے اور ایسا کہا جا رہا ہے کہ دونوں قانونی طور پر ایک دوسرے سے الگ ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے تصدیق یا تردید کے لیے دونوں کی جانب سے کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے، اگرچہ سجل علی نے انسٹا گرام پر اپنے نام کے آگے احد رضا میر کا نام ہٹا دیا ہے مگر احد رضا میر تاحال انسٹا گرام پر ان کو فالو کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یہ باتیں کی جا رہی ہیں کہ دونوں سٹارز کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے جس کے لیے غیر مصدقہ سوشل میڈیا پوسٹس کا ہی حوالہ دیا جا رہا ہے، درحقیقت ان پوسٹس میں تو یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ جوڑے کی علیحدگی کا سن کر ان کی ایک مداح صدمے سے انتقال کرگئی ہیں۔
دونوں سٹارز کے درمیان 6 ماہ سے علیحدگی اور طلاق کی افواہیں چل رہی ہیں اور ان میں اس وقت شدت آئی جب رواں برس جنوری میں سجل علی کی بہن اداکارہ صبور علی کی شادی میں احد رضا میر کو نہیں دیکھا گیا۔ دونوں نے علیحدگی کی خبروں پر کوئی وضاحت نہیں کی اور دونوں نے کئی ماہ سے سوشل میڈیا پر بھی ایک ساتھ تصاویر شیئر نہیں کیں، اب علیحدگی کی افواہوں میں شدت کے بعد لوگوں نے اس حوالے سے افسوس کا اظہار مختلف ٹوئٹس میں کیا، کئی صارفین نے پوچھا کہ کیا ان دونوں کے ہمیشہ ساتھ رہنے کے وعدے جھوٹ تھے۔
سوشل میڈیا صارفین نے لکھا ہےکہ سجل علی اور احد رضا میر کی علیحدگی کے بعد محبت پر یقین کرنا ممکن نہیں رہا، کچھ کا کہنا تھا کہ دنیا میں کچھ بھی مستقل نہیں ہوتا، ایک میسج میں تو کہا گیا کہ پھر لوگ کہتے ہیں کہ محبت کی شادی کرنی چاہئے کیونکہ ارینج میرج میں انسان کا پتا نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ دونوں نے مارچ 2020 میں شادی کی تھی، ان کی جوڑی کو سکرین سمیت حقیقی زندگی میں بھی بہت پسند کیا جاتا رہا ہے، جنوری کے آغاز میں ایک انٹرویو میں سجل علی نے اس تاثر کی تردید کی تھی کہ دونوں کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں مگر اس موقع پر یہ نہیں بتایا کہ یہ جوڑا عوام کے ساتھ اب ایک ساتھ کیوں نظر نہیں آ رہا۔
اداکارہ نے بتایا کہ انکے کیرئیر میں مشکل وقت تب آیا جب انکی والدہ کا انتقال ہوا، تب وہ اپنے کیرئیر کے دو بڑے پراجیکٹس ‘او رنگریزا’ اور ‘یقین کا سفر’ میں کام کر رہی تھی۔
