ادارے ایک پیج پر،فوج کو بدنام کرنا بھارتی سازش کا حصہ ہے

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ادارے ایک پیج پر اور ملک کے اتحاد کی ضمانت ہیں پوری قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے. ن لیگ نے ایک بار پھر بھارتی ایجنڈے کو پروموٹ کیا، یو این اجلاس سے پہلے پاک فوج کو بدنام کرنا بھارتی سازش کا حصہ ہے۔ تاہم احتساب کا عمل جاری رہے گا، نہ پہلے بلیک میل ہوئے نہ اب ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن کی اے پی سی، قرارداد اور ملکی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ترجمانوں اور وزراء کو پارٹی بیانیے کے بارے میں ہدایات دیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے پارٹی ترجمانوں اور وزراء سے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے پی سی کے فیصلے سے کسی کو پریشانی نہیں، اے پی سی میں بیٹھے چہروں اور ان کے ذاتی مقاصد سے قوم آگاہ ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان نے ہدایت کی کہ اے پی سی کے فیصلوں کا مدلل اور منطق کے ساتھ دفاع کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حکومتی نقطہ نظر پر پارٹی ترجمانون اور وزراء کو آگاہ کیا اور کہا کہ جمہوریت میں باقی تمام ادارے حکومت کے تابع رہ کر کام کرتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کر رہے ہیں، اپوزیشن کی اداروں پر تنقید غیر منطقی اور اپنی کرپشن سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔اجلاس میں حکومت نے اپوزیشن کی قرارداد پر بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو اس حوالے سے ٹاسک بھی سونپ دیا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی وزراء شبلی فراز، اسد عمر اور فواد چوہدری آل پارٹیز کانفرنس کے بیانیے پر حکومتی نقطہ نظر پیش کریں گے۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا اپوزیشن کی اے پی سی ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش تھی، پاکستانی فوج قومی سلامتی کی ضامن ہے، بیرون ملک ایک پوری لابی پاک فوج کے خلاف سرگرم عمل ہے، ملکی اداروں کو بدنام کرنے کی سازش ناکام بنائیں گے۔ قبل ازیں مشیر پارلیمانی امور بابراعوان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا اے پی سی میں پوری اپوزیشن قوم کے سامنے بے نقاب ہوئی، یہ نیب اور تحقیقاتی اداروں کو مطلوب افراد کی کانفرنس تھی، قومی ادارے قابل احترام ہیں، ادارے ایک پیج پر ہیں اور ملک کے اتحاد کی ضمانت ہیں۔ وزیراعظم نے کہا نواز شریف کی تقریر مجھے کیوں نکالا کا پارٹ ٹو تھی، تقریر کے ذریعے ان کی اصلیت پوری قوم کے سامنے آئی. وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں حکومت اور اداروں کے خلاف بیان بازی بھارتی لابی کو خوش کرنے کی کوشش تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی ادارے قابل احترام ہیں اور تمام مسائل کے حل میں حکومت کیساتھ ایک پیج پر ہیں. وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا مفاد اس میں ہے کہ چوری کیا ہوا پیسہ واپس آئے جبکہ اپوزیشن اس بات میں دلچسپی رکھتی ہے کہ ان کا چوری کا پیسہ محفوظ رہے. انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے ملک اور جمہوریت کی خاطر ہر طرح کا سمجھوتہ کرنے کے لئے تیار ہیں تاہم کرپشن پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے.
