اداکارہ جیکلین فرنینڈز کو دھمکیاں کیوں ملنے لگیں؟

معروف بھارتی اداکارہ جیکلین فرنینڈز نے 200 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ پر سُکیش چندر شیکھر کے خلاف پولیس کو شکایت کر کے گرفتار کروایا تو انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں ملنا شروع ہو گئی ہیں، اداکارہ کے مطابق ملزم جیل سے مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔انڈین ایکسپریس کے مطابق جیکلین فرنینڈز نے 200 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں ایک فراڈیے کے طور پر پہچانے جانے والے سکیش چندر شیکھر نامی شخص کے خلاف ایک شکایت درج کرائی ہے، شکایت میں اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ سُکیش چندر شیکھر اُنہیں جیل سے ہراساں کر رہے ہیں اور دھمکیاں دے رہے ہیں، جیکلین فرنینڈز نے یہ شکایت نئی دہلی کے سپیشل کمشنر آف پولیس (کرائم برانچ) سنجے اروڑا کے پاس درج کرائی ہے جنہوں نے ایک خصوصی یونٹ کو ابتدائی تفتیش کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔چند روز قبل اداکارہ کی جانب سے پولیس کے سربراہ کو خط لکھا گیا تھا جس کا عنوان تھا ’استغاثہ کے گواہ کے تحفظ میں نظام کی ناکامی ‘خط میں جیکلین فرنینڈز نے لکھا کہ میں ایک ذمہ دار شہری ہوں، اور نادانستہ طور پر ایک ایسے کیس میں اُلجھ گئی ہوں جس کے بہت دُور رس اثرات ہیں، مزید لکھا کہ ’اپنی شناخت سُکیش چندرشیکھر کے طور پر کرانے والا شخص ایک ملزم ہے، جو دہلی کی منڈولی جیل میں قید ہے، اور کُھلے عام مجھے ڈرا دھمکا رہا ہے۔‘جیکلین فرنینڈز نے پولیس کمشنر سے معاملے میں فوری طور پر مداخلت کی اپیل کی، اپنے خط میں انہوں نے لکھا کہ ’نہ صرف مجھے بلکہ قانونی عمل کو بھی ملزم سے خطرہ ہے۔ مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ (MCOCA) کے تحت مقدمے میں میرا استغاثہ کے گواہ کے طور پر تحفظ یقینی بنانے کے لیے سُکیش چندرشیکھر کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔یاد رہے کہ سُکیش چندرا شیکھر منی لانڈرنگ، فراڈ اور دھوکہ دہی کے جرائم میں ملوث ہیں اور نئی دہلی کی جیل میں قید ہیں، جیکلین فرنینڈز پر الزام ہے کہ انہوں ںے سُکیش چندر شیکھر سے مبینہ طور پر قیمتی تحفے اور مالی فوائد حاصل کیے ہیں۔اس حوالے سے تفتیش کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جیکلین فرنینڈز کو متعدد بار طلب بھی کیا جا چکا ہے۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق ’جیکلین فرنینڈز نے اپنے بیان میں یہ انکشاف بھی کیا کہ سُکیش چندرشیکر نے کئی مواقع پر اُن کے لیے نجی طیاروں پر سفر کا بھی انتظام کیا جو ہوٹل میں قیام کے علاوہ تھا۔‘اداکارہ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو اپنے بیان میں یہ بھی بتایا کہ ’اُنہیں گُوچی، چینل کے تین ڈیزائنر بیگز، گوچی کے دو ملبوسات، لوئس ویٹن کے جوتے اور ہیرے کی بالیاں بھی دی گئیں۔ ’سُکیش چندرشیکھر کی جانب سے انہیں مختلف رنگوں کے پتھروں سے بنی بریسلیٹ، دو ہرمیس بریسلیٹ کے علاوہ ایک مِنی کُوپر بھی تحفے میں دی گئی جو انہوں نے لوٹا دی۔‘
