اداکارہ حرا ترین کو امریکہ چھوڑ کر پاکستان کیوں آنا پڑا؟
معروف اداکارہ حرا ترین نے ڈرامہ سیریل ’’عشق مرشد‘‘ میں منفی کردار ادا کرتے ہوئے پاکستانیوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی ہے، حرا ترین کی پرورش امریکہ میں ہوئی، ابتدائی تعلیم بھی وہیں سے مکمل کی لیکن آرٹ، شوبز انڈسٹری میں نام بنانے کیلئے پاکستان کا رخ کیا۔حرا ترین ایک کامیاب اداکارہ ہیں اور ان کا فیشن کی دنیا میں بھی ایک بڑا نام ہے۔ وہ آج کل ٹرینڈ کر رہی ہیں کیونکہ وہ عشق مرشد کی بدنام زمانہ مہرین ہیں جو سب کے پیارے شاہ میر سکندر کا پیچھا کر رہی ہیں۔ ڈرامے میں حرا نے اپنے کردار کے ساتھ انصاف کیا ہے اور یہی بات ناظرین کو بے چین کرتی ہے کیونکہ وہ شبرہ اور شاہ میر کی راہ میں حائل دکھائی گئی ہیں۔حرا انتہائی ٹیلنٹڈ ہیں اور ان کی شادی اداکار علی سفینہ سے ہوئی ہے۔ دونوں کی ایک بیٹی ہے اور دونوں میاں بیوی اپنے منصوبوں میں ایک دوسرے کا پورا ساتھ دیتے ہیں، ان کی پرورش اور تعلیم امریکا میں ہوئی اور بعد میں وہ اپنے تخلیقی پہلو کو تلاش کرنے کے لیے پاکستان آئیں، ایک یو ٹیوب چینل ایف ایچ ایم پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان سے جو موسیقی اور آرٹ آرہا ہے اس نے انہیں یقین دلایا کہ انہیں اپنے وطن واپس جانا چاہئے۔حرا نے کہا کہ وہ معاشرے میں بھی اپنا حصہ ڈالنا چاہتی تھی اور جس چیز نے انہیں پاکستان واپس کھینچا وہ یہاں کا خاندانی ڈھانچہ ہے جس کی انہیں امریکا میں کمی محسوس ہوئی، شادی کبھی کبھی عورت کے کیریئر کو متاثر کرتی ہے لیکن کبھی ایسا نہیں بھی ہوتا، ماں بننے کے بعد ان میں بہت تبدیلی رونما ہوئی اور اب وہ ایسی شخصیت نہیں ہیں جو لوگوں کو خوش کرتی پھریں بلکہ اب ان کی توجہ کا مرکز ان کی نجی زندگی اور گھر والے ہیں جو ان پر انحصار کرتے ہیں۔