اداکارہ روینہ ٹنڈن بالی ووڈ میں عمر پرستی پر ناراض کیوں؟

معروف بھارتی اداکارہ روینہ ٹنڈن نے شکوہ کیا کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں عمر پرستی کسی نہ کسی صورت میں موجود ہے جس کو ختم کیا جانا چاہئے، جبکہ انڈسٹری میں موجود معاوضوں کے فرق کو بھی ختم کیا جانا چاہئے۔حال ہی میں بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے روینہ ٹنڈن نے بالی وڈ میں عمر اور معاوضوں کے حوالے سے پائے جانے والے تعصب پر بات کی، جب روینہ سے بالی وڈ میں عمر پرستی سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے جواباً کہا، یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ ہم عصر اداکار اچھے دوست نہیں ہو سکتے، میرے ساتھی اداکار میرے اچھے دوست ہیں اور ہم ہر حال میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، یہی وہ وقت ہے کہ معاوضوں کا فرق جلد از جلد ختم کیا جائے۔روینہ نے کہا کہ میڈیا میں عمر پرستی بھی کسی نہ کسی صورت موجود ہے، عمروں کا یہ موازنہ انڈسٹری کے بند دروازوں کے پیچھے کیا جا سکتا ہے لیکن میڈیا انڈسٹری میں یہ موازنہ کیا جانا بے حد عجیب ہے، یہاں مرد اداکاروں کیلئے عمروں کا موازنہ ایسے نہیں کیا جاتا لیکن خواتین اداکاراؤں کے لیے یہ موازنہ لازمی ہو جاتا ہے، اداکارہ نے مزید کہا کہ ارمیلا، مادھوری اور مجھے اس طرح ٹارگٹ کیا جاتا رہا، میں ایسا اس لیے نہیں کہہ رہی کہ ہم اپنی عمر چھپا رہے ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں صرف اتنا کہہ سکتی ہوں مجھ سے کہ آپ میرا ہنر نہیں چھین سکتے۔واضح رہے کہ اداکارہ روینہ ٹنڈن بہت جلد سینما سکرین پر اکشے کمار کے ساتھ انٹری دینے والی ہیں، روینہ ٹنڈن اور اکشے کمار آخری مرتبہ 19 برس پہلے فلم ’پولیس فورس: این انسائڈ سٹوری‘ میں نظر آئے تھے، ذرائع نے انڈین میڈیا کو بتایا کہ روینہ اور اکشے فلم ’ویلکم تھری‘ میں جلوہ گر ہوں گے۔’’ویلکم تھری‘‘ کا نام ’’ویلکم ٹو دا جنگل‘‘ رکھا گیا ہے جو کہ ایک ایڈوینچر اور کامیڈی فلم ہوگی، فلم کا شیڈول جلد ہی طے ہوجائے گا اور اکشے کمار اور رونیہ ٹنڈن دونوں ایک بار پھر ساتھ کام کرنے کے حوالے سے پُرجوش ہیں۔روینہ ٹنڈن اور اکشے کمار کا شمار 1990 کی دہائی کی معروف ترین جوڑیوں میں ہوتا ہے۔ دونوں نے 1994 میں فلم ’موہرا‘، 1996 میں ’کھلاڑیوں کا کھلاڑی‘، 1997 میں ’دعویٰ‘، 1998 میں ’بارود‘ اور 1998 میں فلم ’قیمت‘ میں بھی ساتھ کام کیا ہے۔
