اداکارہ سعدیہ امام کو شوبز میں آنے پر طعنے کیوں سننے پڑے؟

معروف اداکارہ سعدیہ امام نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ شوبز میں آئیں تو شادی کے حوالے سے بہت طعنے سننے کو ملے، رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ اب اس لڑکی سے کوئی شادی نہیں کریگا جبکہ شادی پر طعنے ملے کہ اس نے دو بچوں کے باپ سے شادی کر لی ہے، سعدیہ امام نے 2012 میں پاکستانی نژاد عدنان حیدر سے شادی کی جس کے بعد وہ جرمنی منتقل ہوگئی تھیں۔شادی کے 2 سال بعد اداکارہ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی جس کے ایک سال بعد وہ واپس پاکستان آئیں اور انہوں نے 2015 میں سما ٹی وی پر مارننگ شو کی میزبانی شروع کی لیکن بعد ازاں وہ ٹی وی سکرین سے غائب ہوگئیں، شادی کے بعد اگرچہ وہ سکرین پر کم دکھائی دیتی ہیں، تاہم وہ بطور مہمان پروگرامات اور شوز میں شرکت کرتی دکھائی دیتی ہیں۔سعدیہ امام نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ چونکہ وہ مذہبی گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں اس لیے ان کے تمام رشتہ دار ان کے والدین کو تنقید کا نشانہ بناتے تھے کہ سعدیہ امام اب شوبز میں ہیں اب وہ کبھی شادی نہیں کریں گی۔ان کا کہنا تھا کہ ’شوبز میں آنے کے بعد لوگوں نے طعنے دیے کہ میری شادی کبھی نہیں ہوگی، میرے والدین روزانہ ایسی باتیں سنتے تھے، میں انہیں روزانہ اس بُرے وقت سے گزرتا دیکھتی تھی، انہی لوگوں کی باتوں سے میں مضبوط بنی اور سب کو غلط ثابت کیا۔سعدیہ امام نے کہا کہ میں نے اپنے والدین کو کہا کہ آپ جس سے کہیں گے میں شادی کرلوں گی لیکن پہلے مجھے اپنے کام پورے کرنے دیں، کیونکہ اب میں اس کیچڑ میں کود گئی ہوں اور اپنے کام مکمل کیے بغیر پیچھے نہیں ہٹوں گی۔یہ نہیں ہوسکتا کہ میں گوبھی کھاؤں، طعنے بھی سنوں اور کام بھی پورے نہ کروں، اس لیے پہلے میں نے اپنا کیریئر بنایا اور پھر والدین سے کہا کہ آپ جس سے چاہے میری شادی کر دیں۔سعدیہ امام نے کہا کہ ’ماشااللہ مجھے غیر شادی شدہ جوان شوہر بھی ملا اور اللہ نے ہمیں اولاد سے بھی نوازا، جب عدنان کا رشتہ آیا تو لوگوں نے کہا کہ ذرا چیک کرو کہ اس کی دو یا تین بیویاں بھی ہوں گی۔یاد رہے کہ سعدیہ امام کو 1990 کی مشہور اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے، انہوں نے چھوٹی سی کہانی، پہلی بارش، سات سر رشتوں کے، تھوڑا سا آسمان، پانی پے نام، کہاں سے کہاں تک، رانی بیٹی راج کرے، کنارا مل گیا ہوتا، مامتا، کالونی 52، ابھی دور ہے کنارا، اجازت اور عشق جنون دیوانگی سمیت 5 درجن تک ڈراموں میں کام کیا۔
