اداکارہ فریال محمود کی شادی بھی ٹوٹ گئی

معروف ٹی وی اداکارہ فریال محمود کی دانیال راحیل سے شادی ٹوٹ جانے کی خبر آ گئی یے۔ فریال نے اپنی شادی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب سنگل ہیں لیکن یہ بات کسی کو بتانا نہیں چاہتی ہیں اگرچہ فریال نے شوہر سے علیحدگی کے حوالے سے واضح بات نہیں کی تاہم خود کو سنگل قرار دینے سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ اب فریال اور دانیال ایک نہیں رہے۔

خیال رہے کہ فریال محمود نے مئی 2020 میں اداکار دانیال راحیل سے سادگی سے شادی کی تھی۔ دانیال سینئر اداکارہ سیمی راحیل کے بیٹے اور اداکارہ مہرین راحیل کے بھائی ہیں۔ دانیال اور فریال کی شادی کے بعد گزشتہ برس دسمبر سے سوشل میڈیا پر یہ افواہ چل رہی تھی کہ دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی ہے اور انسٹا گرام پر ایک دوسرے کو اَن فالو بھی کر دیا ہے۔ یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ فریال نے انسٹا گرام پر سے اپنے شوہر کے ساتھ پوسٹ کی گئی تصاویر بھی ہٹا دیں

 لیکن اسکے بعد فریال نے شوہر سے علیحدگی کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر مجھ سے متعلق اور میرے شوہر سے علیحدگی کے حوالے سے پوسٹ دیکھ رہی ہوں۔ انہوں نے لکھا تھا کہ میں باقاعدگی سے اپنے شوہر کے ساتھ تصاویر پوسٹ نہیں کرتی تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہمارے درمیان جھگڑے چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ وہ اور ان کے شوہر دونوں ہی مشکل وقت سے گزر رہے ہیں اور اپنے کام کے شیڈول کی وجہ سے گزشتہ 5 ماہ سے ایک دوسرے سے بہت کم مل پائے ہیں۔ اداکارہ نے لکھا تھا کہ میں یہ چاہوں گی کہ آپ لوگ میری شادی مجھ پر اور دانیال راحیل پر چھوڑ دیں اور ان معاملات پر توجہ دیں جو آپ کی زندگی میں اہمیت رکھتے ہیں۔

فریال حال ہی میں احسن خان کے شو ’ٹائم آؤٹ ود احسن‘ میں گلوکار احمد جہانزیب کے ہمراہ شریک ہوئیں جہاں دونوں نے شوبز سمیت اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بھی کھل کر بات کی۔دوران گفتگو فریال محمود نے انکشاف کیا کہ وہ اب سنگل ہیں لیکن انہوں نے اس موضوع پر زیادہ بات چیت سے گریز کیا۔ میزبان احسن خان کے سوال کے جواب میں فریال محمود کا کہنا تھا کہ میں اب سنگل ہوں لیکن یہ بات کسی کو نہیں بتانا چاہتی کیونکہ یہ میرا ذاتی معاملہ ہے۔ فریال محمود نے مزید کہا کہ بالکل یہ سچ ہے،

میں سنگل ہوں لیکن مجھے نہیں لگتا اس موضوع پر کسی قسم کی گفتگو ہونی چاہئے اگر آپ میرا مشاہدہ کریں گے تو لگے گا میں سنگل ہوں۔ اداکارہ نے کہا کہ اگر میں چاہوں گی تب ہی لوگوں کو پتا چلے گا، مجھے نہیں لگتا کہ لوگوں کو خود سے متعلق ہر بات بتانی چاہئے تاہم اداکارہ نے اپنی گفتگو میں واضح طور پر یہ نہیں کہا کہ ان کی طلاق ہو گئی ہے جس سے اندازہ نہیں ہوتا کہ انہوں نے اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کر لی ہے یا نہیں۔

اسی شو کے دوران احسن خان نے فریال محمود سے ان کے اور اداکارہ سونیا حسین کے تنازع سے متعلق سوال کیا کہ فلم ‘سوری’ میں آپ کو سونیا حسین کی جگہ کاسٹ کر لیا گیا تھا جس کے بعد سونیا نے ایک شو میں آپ کو پہچاننے سے ہی انکار کر دیا ، اس کی وجہ کیا ہے؟ فریال نے کہا کہ سونیا حسین نے ایک بار نہیں بلکہ دو بار مجھے پہچاننے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فریال محمود کون ہے؟ اداکارہ فریال نے مزید کہا کہ سونیا حسین مجھے نہیں جانتی لیکن میں انہیں بہت اچھی طرح جانتی ہوں۔ ہم دونوں نے ایک ساتھ کام بھی کیا ہے۔

فریال نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک بار مجھے ان کی جگہ کاسٹ کر لیا گیا تھا جس کے بعد سونیا نے میرا مذاق اڑایا تھا جب میں موٹی ہو گئی تھی لیکن یہ بات بہت پرانی ہو گئی ہے ۔ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم سونیا کو مجھ سے کیا مسئلہ ہے لیکن کوئی بات نہیں یہ پروفیشنل جیلسی چلتی ہے اور مجھے سونیا حسین پسند ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے معروف شوبز جوڑی عروہ حسین اور فرحان سعید  کی شادی بھی ٹوٹ چکی ہے تاہم دونوں کی جانب سے میڈیا پر کھل کر علیحدگی کے حوالے سے تاحال کچھ نہیں بتایا گیا، اسی طرح فریال بھی اپنی ازدواجی حیثیت کے حوالے سے کھل کر بتانے کی بجائے اشاروں میں بات کر رہی ہیں۔

Back to top button