اداکارہ فضا علی آئے روز اپنی شادی کی افواہوں پر برہم

 

معروف اداکارہ و میزبان فضا علی نے اپنی شادی کی افواہوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں آئے روز کسی نئی شخصیت کے ساتھ اپنی شادی کی افواہیں اڑانے والوں کو خدا کا واسطہ دے کر کہتی ہوں کہ وہ یہ سلسلہ بند کر دیں۔ فضا علی نے انسٹاگرام پر تین منٹ سے زائد دورانیے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے افواہیں پھیلانے والے افراد سے سوال کیا کہ انہیں دوسروں کی عزت اور زندگی خراب کرنے سے کیا ملتا ہے؟

اداکارہ ویڈیو میں یوٹیوب چینلز اور سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے اپنی شادیوں کی جھوٹی خبروں پر بات کرتے دکھائی دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افواہیں پھیلانے والے کبھی ان کی شادی زرداری صاحب سے کرا دیتے ہیں تو کبھی وزیراعظم عمران خان کو ان کا شوہر بنا دیتے ہیں؟فضا علی کے مطابق ان سے متعلق افواہیں پھیلانے والے کبھی ان کی شادی عامر لیاقت سے کرا دیتے ہیں تو کبھی ان سے کہا جاتا ہے کہ اداکارہ نے نکاح پر نکاح کرلیا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ خبریں بھی پھیلائی جاتی ہیں کہ فضا علی نے طوبیٰ عامر کے سامنے عامر لیاقت سے شادی کرلی۔ کبھی انہیں ذیشان روکھڑی کی دلہن بنا دیا جاتا ہے ، کبھی ان کی شادی گلوکار سجاد علی کے ساتھ کرائی جاتی ہے تو کبھی دعویٰ کیا جاتا ہے کہ گلوکار سجاد علی کی پہلی اہلیہ نے اداکارہ فضا کو شوہر کی دوسری بیوی کے طور پر قبول کر لیا۔

فضا علی کا کہنا تھا کہ ایسے بیانات بھی چلائے جاتے ہیں کہ فضا نے کہا ہے کہ ان کے شوہر سجاد علی اچھے والد نہین ہیں۔ اداکارہ نے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شادی شدہ ہیں یا نہیں؟ وہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے، دوسرے لوگ ان سے متعلق ایسی باتیں کرنا بند کریں اور وہ رشتے کرانے والی آنٹیوں کا کردار ادا کرنے سے باز رہیں۔

انہوں نے ویڈیو کے کیپشن میں بھی افواہیں پھیلانے والوں سے سوال کیا کہ انہیں ایسا کرنے سے کیا ملتا ہے؟فضا علی نے سب سے اپیل کی کہ وہ دوسروں سے متعلق کوئی بھی بات یا دعویٰ کرنے سے پہلے سوچا کریں اور تحقیق کرنے کے بعد بات کہیں۔ یاد رہے کہ اداکارہ فضا علی کی دو شادیاں ناکام ہو چکی ہیں اور وہ اپنی ایک دس سالہ بیٹی کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں۔

Back to top button