اداکارہ ماہرہ خان شادی کے بعد تنقید کی زد میں کیوں آ گئیں؟

فلم و ڈرامہ کی معروف اداکارہ ماہرہ خان دوسری مرتبہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں تو مداحوں نے ڈھیروں مبارکباد دینے کے ساتھ ان کے فیصلے کو خوب سراہا لیکن شادی کی تقریبات کا سلسلہ نہ رکنے پر سوشل میڈیا صارفین نے اپنی توپوں کا رخ اداکارہ کی جانب موڑ دیا ہے۔ماہرہ خان شادی کے بعد سے مسلسل اپنی شادی کی تقریبات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہی ہیں، نوبیاہتا اداکارہ کی شادی کی تصاویر کا سلسلہ یکم اکتوبر کی رات بارات اور نکاح کی تقریب سے شروع ہوا، ابتدائی تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین نے ہمیشہ کی طرح ماہرہ کی محبت کی برسات کر ڈالی لیکن روز کی بنیاد پر اداکارہ کی نئی نئی تقریبات کی تصاویر جاری ہونے پر بیشتر مداحوں نے ان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے "فضول خرچ” کا خطاب دے ڈالا۔اداکارہ کی دعائے خیر اور مایوں کی تصاویر کے وائرل ہوتے ہی ان کی سادگی کے چرچے ہو رہے تھے اور مداح ان کی بے حد تعریف کر رہے تھے لیکن پھر انہوں نے 23 ستمبر کو ہونے والی ’ڈھولکی‘ کی تصاویر جاری کیں جن میں وہ سرخ و سفید لہنگا چولی میں ملبوس نظر آئیں، ڈھولکی لُک پر ان کے پرستار تعریفیں کرنے میں مصروف ہی تھے کہ ماہرہ خان نے 29 ستمبر کو منعقد ہونے والی اپنی پُر تعیش مہندی کی تصاویر اور ویڈیوز جاری کردیں۔ماہرہ خان کی جانب سے گزشتہ روز شادی سے قبل 30 ستمبر کو ہونے والی ’مہندی لگائی‘ کی تقریب کی تصاویر جاری ہوتے ہی صارفین کے جذبات امڈ پڑے اور انہوں نے ماہرہ خان پر جم کر تنقید کی، بعض صارفین کو موقف ہے کہ ماہرہ خان نے اپنی دوسری شادی پر جس طرح پیسہ اُڑایا ہے وہ انہیں زیب نہیں دیتا تھا، ایک طرف وہ سادگی کی باتیں کرتی ہیں اور دوسری جانب شادی کی بے تکی تقریبات پر دونوں ہاتھوں سے پیسہ لٹایا، چند صارفین نے یہ بھی کہا کہ” ماہرہ خان نے اپنی شادی پر جتنا خرچہ کیا ہے اس میں تو کئی غریب لڑکیوں کی شادیاں آرام سے ہو جانی تھی۔علاوہ ازیں متعدد سوشل میڈیا صارفین ماہرہ خان کی شادی کی ان گنت تقریبات پر شدید خفا ہیں اور ان کے عمل کو اسراف قرار دیتے ہوئے ان پر شدید تنقید کے نشتر برساتے نظر آ رہے ہیں۔

Back to top button