اداکارہ نمرہ خان ہسپتال سے گھر منتقل

اداکارہ نمرہ خان تین دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد گھر آگئیں تاہم اس کے باوجود ان کی طبیعت ناساز ہے۔نمرہ خان نے 10 اگست کو انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا تھا کہ انہیں ’شدید تکلیف‘ کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور انہوں نے مداحوں دعا کی درخواست کی تھی۔
تاہم 12 اگست کی رات دیر گئے انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے بتایا کہ وہ ہسپتال سے گھر آگئی ہیں اور ان کی ’تکلیف‘ بھی کچھ کم ہوئی ہے، تاہم تاحال ان کی طبیعت ناساز ہے۔متعدد انسٹاگرام اسٹوریز میں انہوں نے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور پھول بھجوانے پر ساتھی اداکاروں اور پروڈکشن ہاؤسز کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اسٹوریز میں انہوں نے ویڈیوز بھی شیئر کیں،جن میں ان کے ہاتھ پر کینولا کو دیکھا جا سکتاہے۔ویڈیوز میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ خود سے ہی ہسپتال سے گھر آگئی ہیں، کیوں کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی تکلیف ادویات کے ذریعے ہی ٹھیک ہوجائے۔انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کے لیے دعا کریں کہ انہیں آپریشن کی ضرورت نہ پڑے اور ان کا مسئلہ میڈیسن سے گھر میں ہی حل ہوجائے۔
ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ادویات کھانے کے بعد ان کی تکلیف کچھ کم ہوئی ہے اور سب کچھ مداحوں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔خیال رہے کہ نمرہ خان کو ہسپتال داخل کرائے جانے کے بعد اداکارہ نے ڈان امیجز سے مختصر بات کرتے ہوئے بتایا تھاکہ ان کی پیشاب کی نالی میں پتھری ہے، جس وجہ سے انہیں شدید درد کا سامنا ہے۔
اداکارہ نے اس وقت بتایا تھا کہ ممکن ہے کہ پتھری نکالنے کے لیے ان کا آپریشن کیا جائے، تاہم اب اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کا مسئلہ میڈیسن سے حل ہوجائے، اس لیے وہ گھر آگئی ہیں اور ادویات لے رہی ہیں۔اداکارہ کی طبیعت خراب ہونے پر ان کے مداح اور ساتھی اداکار پریشان ہیں اور سب ان کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
