اداکار علی رحمن کو ’’خواجہ سرا‘‘ کے کردار سے کیوں ڈرایا گیا؟

معروف اداکار علی رحمان نے انکشاف کیا ہے کہ ڈرامہ سیریل ’’گرو‘‘ میں خواجہ سرا کا منفرد کردار ادا کرنے سے ڈرایا گیا کہ کہیں اس سے کیرئیر سے ہی ختم نہ ہو جائے۔علی رحمٰن خان کو ’’گرو‘‘ ڈرامے میں خواجہ سرا کے کردار میں بہت سراہا گیا تھا، تاہم ساتھ ہی ان پر تنقید کی گئی کہ ایک مرد کو کردار کیوں دیا گیا، کسی خواجہ سرا یا خاتون کو کردار دیا جاتا، اداکار نے مزاحیہ پروگرام ’’مذاق رات‘‘ میں خواجہ سرا کے کردار ادا کرنے سمیت دیگر کرداروں کو ادا کرنے پر بھی کھل کر بات کی۔انہوں نے انکشاف کیا کہ آج تک انہیں زیادہ تر خوبصورت اور امیر ہیرو کے کرداروں کی پیش کش کی جاتی ہے، جس سے وہ تنگ آ چکے ہیں، ان کے والد نہیں چاہتے تھے کہ وہ اداکار بنیں، اس لیے انہوں نے انہیں مشروط اداکاری کی اجازت دی اور کہا کہ وہ پڑھ لکھ کر ملازمت اختیار کرنے کے ساتھ جو چاہے کرتے رہیں لیکن پہلے انہیں کوئی اچھی نوکری تلاش کرنی پڑے گی۔اداکار کے مطابق انہوں نے تعلیم مکمل کرنے کے بعد اقوام متحدہ (یو این) میں ملازمت اختیار کی اور ساتھ ہی انہوں نے اپنا شوق پورا کرنے کیلئے تھیٹر اداکاری بھی شروع کر دی، کئی سال تک ملازمت کے ساتھ اداکاری بھی کی اور اسی دوران ہی وہ مختصر فلموں سمیت کمرشلز میں بھی آنے لگے اور بعد ازاں انہوں نے ملازمت چھوڑ کر مستقل طور پر اداکاری کرنا شروع کی، اگر کسی انسان کے ساتھ محبت میں دھوکا ہو جائے تو ایسے انسان کو ہر دو سال بعد نئی محبت کرنی چاہئے۔اسی طرح انہوں نے یک طرفہ محبت کے حوالے سے کہا کہ وہ بھی بار بار ہونی چاہئے اور ہر بار نئے شخص سے ہونی چاہئے، اس میں کوئی غلط بات نہیں، وہ ایک خاتون دوست پر دو سال قبل تک فدا تھے اور انہوں نے اس لڑکی کو یہ بات بھی بتائی لیکن پھر وہ ان کا ’کرش‘ نہ رہیں، ابھی انہیں رشتہ ازدواج میں بندھنے کی جلدی نہیں، ابھی وہ کیریئر پر توجہ دیئے ہوئے ہیں۔اداکار کے مطابق ہمیشہ سے ان کی خواہش رہی تھی کہ انہیں مشکل کرداروں کی بھی پیش کش ہو لیکن انہیں ایسا کم ہی ہوتا ہے اور جب انہیں ’گرو‘ ڈرامے میں خواجہ سرا کے کردار کی پیش کش ہوئی تو انہوں نے فوری طور پر اسے قبول کیا۔انہوں نے بتایا کہ ایسے کردار ادا کرتے وقت اچھے اداکار کو اپنے سینیئر اداکاروں کے کام دیکھ کر خوشی ہوتی ہے اور جذبہ اٹھتا ہے کہ انہیں بھی ایسے کردار ادا کرنے چاہئے، اس لیے انہوں نے خواجہ سرا کا کردار ادا کیا۔علی رحمٰن نے انکشاف کیا کہ جہاں کئی لوگوں نے انہیں خواجہ سرا کا کردار ادا کرنے کیلئے سراہا، وہیں کئی افراد نے انہیں ڈرایا اور کیریئر ختم ہونے سے متعلق دھمکی تک دی، ان کے مطابق لوگوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ہیرو ہیں، انہیں خواجہ سرا کا کردار ادا نہیں کرنا چاہئے۔
