اداکار عمران عباس کس طرح کی لڑکی کو جیون ساتھی بنانا چاہتے ہیں؟


ماضی قریب میں زندگی سے بیزاری کا اظہار کرنے والے خوبصورت پاکستانی اداکار عمران عباس اب زندگی کی طرف واپس آتے دکھائی دیتے ہیں۔ عمران عباس نے ایک پچھلے انٹرویو میں اپنی چھوٹی بہن کی اچانک موت موت کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ انسان کو ہر وقت آخرت کی تیاری رکھنی چاہیے کیونکہ یہ دنیا فانی ہے۔ عمران عباس کے اس انٹرویو کے بعد ان کے بہت سارے مداحین اداس ہو گئے تھے۔ تاہم اب ایک تازہ انٹرویو میں عمران عباس نے اپنے متعلق باتیں کی ہیں اور
بتایا ہے کہ وہ کس طرح کی لڑکی سے شادی کے خواہشمند ہیں۔
پاکستان کے پرکشش ترین مردوں میں شمار ہونے والے اداکار عمران عباس یوں تو اپنی اداکاری کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں لیکن اس مرتبہ وہ سوشل ایپ انسٹاگرام پر اہنے مداحوں کے سوالوں کے جواب دینے پر خبروں میں ہیں۔
اس دوران انہوں نے شادی کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
عمران عباس سے مداحوں نے ان کی شادی، پسند کی لڑکی اور ان کی خوبصورتی سمیت ان کی تعلیم سے متعلق سوالات کیے جن پر عمران نے انکشاف کیا کہ انہوں نے بیچلر تک تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور ایک پڑھی لکھی لڑکی سے شادی کے خواہشمند ہیں۔
عمران عباس نے بتایا کہ ان کے والدین بہت سادہ ہیں اور ان کو لالی ووڈ سے لے کر ہالی ووڈ کے اداکاروں کا کچھ نہیں پتہ۔ عمران نے یہ بھی بتایا کہ انکے والدین نے آج تک ان کی کوئی فلم بھی نہیں دیکھی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جب اپنے گھر جاتے ہیں تو شوبز کی زندگی کو باہر ہی چھوڑدیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جب تک اپنے گھر میں موجود ہوتے ہیں ان کی پہلی ترجیح ان کی فیملی ہوتی ہے۔ شادی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ہاں، اب مجھے شادی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ میں ذہنی ہم آہنگی رکھنے والی کسی ساتھی کی تلاش میں ہوں اور جب مجھے ایسی کوئی لڑکی مل جائے گی تو میں فورا شادی کرلوں گا۔
عمران سے ایک صارف نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی شادی دیکھنے کے خواہاں ہیں، جس پر اداکار نے ’می ٹو‘ لکھا، یعنی وہ خود بھی اپنی شادی دیکھنے کے خواہاں ہیں۔ اسی طرح لائبہ نامی ایک لڑکی نے ان سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کچھ عرصہ قبل انہوں نے عمران عباس سے سوشل ایپ ایمو پر فون پر بات کی تھی اور اب معلوم نہیں عمران کو ان کا نام بھی یاد ہے یا نہیں؟ ساتھ ہی لڑکی نے بتایا کہ وہ لائبہ ہیں۔
اس پر عمران عباس نے تفصیلی جواب دیا کہ وہ مذکورہ ایپ استعمال نہیں کرتے، ساتھ ہی بتایا کہ وہ اسنیپ چیٹ اور اسکائپ پر ایسے افراد سے بات نہیں کرتے، جنہیں وہ جانتے نہیں۔ اس کا مطلب ہوا کہ لائبہ کو کسی لڑکے نے عمران عباس کے نام پر ماموں بنا کر اس کے ساتھ گفتگو کر ڈالی۔
ایک بھارتی مداح نے ان کی تعریف کرتے ہوئے پوچھا کہ وہ باقی تمام اداکاروں سے زیادہ خوبصورت کیوں ہیں؟ اس پر انہوں نے مداح کا تعریف پر شکریہ ادا کیا، تاہم ساتھ ہی واضح کیا کہ پاکستان میں ان سے زیادہ خوبصورت اداکار بھی موجود ہیں۔ اسی طرح ایک مداح نے ان سے شرارت میں پوچھا کہ وہ بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور تو نہیں؟ جس پر اداکار نے مزاحیہ انداز میں مداح کو جواب دیا کہ نہیں کہیں انہوں نے نشہ تو نہیں کر رکھا؟
ایک عرب مداح نے ان سے پوچھا کہ وہ زیادہ تر سینما میں کام کرنا پسند کرتے ہیں یا ٹی وی پر؟ جس پر اداکار نے مختصر جواب دیا کہ جہاں زیادہ پیسے ملیں وہ وہیں کام کریں گے۔ ایک صارف نے ان سے سوال کیا کہ انہیں شادی کےلیے کیسی لڑکی چاہیے؟ جس پر عمران نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ مرد اور خواتین کو ملانے کا کام کرتے ہیں؟ ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ کیا یہ سچ ہے کہ پاکستان میں وہی سب سے زیادہ مشہور اداکار ہیں؟ اس پر اداکار نے وزیر اعظم عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے جواب دیا کہ وہ تو نہیں مگر ایک اور عمران ہیں، جو ان سے اور سب سے زیادہ مشہور ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button