‘ارطغرل غازی’ نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کردیا

پی ٹی وی پر نشر کیے جانے والے ترک ڈرامے ‘دیریلیش ارطغرل’ جسے اردو میں ترجمہ کرکے ‘ارطغرل غازی’ کے نام سے نشر کیا جا رہا ہے، اس کے مرکزی ہیرو نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
پاکستان سے ملنے والی محبت کے بعد ‘ارطغرل غازی’ کی مرکزی اداکارہ اسرا بیل گیج نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اسرا بیل گیج نے ‘ارطغرل غازی’ میں ‘حلیمہ سلطان’ کا کردار ادا کیا ہے جو ڈرامے میں ارطغرل غازی کی بیوی ہوتی ہیں۔
اگرچہ ‘ارطغرل غازی’ کی تمام کاسٹ اور ڈرامے کو پاکستان میں سراہا جا رہا ہے، تاہم سب سے زیادہ تعریفیں انجین التان دوزیتان اور اسرا بیل گیج کی ہو رہی ہیں اور پاکستانی ڈرامہ شائقین سوشل میڈیا پر ان سے اپنی محبت کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔
پاکستانی ڈرامہ مداحوں کی جانب سے گزشتہ تین ہفتوں میں ان ہی اداکاروں یعنی ‘ارطغرل غازی’ اور ‘حلیمہ سلطان’ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان کی تعریف میں کمنٹس کر رہے ہیں اور لوگ ان سے ملنے اور انہیں پاکستان آنے کی دعوت دیتے دکھائی دیتے ہیں۔
ایسے ہی ایک مداح کے کمنٹس پر اداکارہ اسرا بیل گیج یعنی ‘حلیمہ سلطان’ نے چند دن قبل پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ بھی پاکستانی مداحوں سے ملنے کےلیے بے تاب ہیں۔
حلیمہ سلطان کے بعد اسی ڈرامے کے دو معروف اداکاروں دوآن بے (روشان) کا کردار ادا کرنے والے جاوید چتین گونر اور اصلحان خاتون کا کردار ادا کرنے والی گلثوم علی نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
‘دیریلیش ارطغرل’ کے تینوں اداکاروں کے بعد ڈرامے کے مرکزی ہیرو ‘ارطغرل غازی’ نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ ‘ارطغرل غازی’ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ڈرامے کو پاکستان میں 10 کروڑ بار دیکھنے کی خوشخبری شیئر کرتے ہوئے پاکستانی مداحوں کےلیے محبت کا اظہار کیا۔
‘ارطغرل غازی’ یعنی انجین التان دوزیتان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ انہیں امید ہے کہ وہ ایک دن پاکستان ضرور آئیں گے اور وہ اپنے مداحوں سے براہ راست آکر ملیں گے۔ انجین التان دوزیتان نے پاکستانی مداحوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کا ڈراما دیکھنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
خیال رہے کہ دیریلیش ارطغرل‘ ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔
ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔ ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔
