ارطغرل نے ‘میرے پاس تم ہو’ کا ریکارڈ 3 ہفتوں میں توڑ دیا

پاکستان ٹیلی ویژن پر دکھائے جانے والے ترک ڈرامے ارطغرل غازی نے یو ٹیوب پر مقبولیت کے نئے ریکارڈ بناتے ہوئے پہلے تین ہفتوں میں وہ اعزاز حاصل کر لیا ہے جو اس سے قبل ملکی ڈرامہ کی تاریخ کے مقبول ترین ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ نے 8 ماہ کی مدت میں حاصل کیا تھا۔
اسلامی فتوحات پر مبنی ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ’دیریلیش ارطغرل‘ نے اگرچہ پاکستان میں نشر ہونے سے قبل ہی ریکارڈ مقبولیت حاصل کرلی تھی تاہم اس ڈرامے کی پسندیدگی نے اس وقت نئی حدود کو چھوا جب اسے پاکستان ٹیلی پر اردو ترجمہ کے ساتھ نشر کیا جانے لگا۔ خیال رہے کہ ارطغرل غازی کو پی ٹی وی پر پرائم ٹائم میں نشر کیا جاتا ہے، گزشتہ 20 اقساط کے کے دوران ’ارطغرل غازی‘ کی مقبولیت کے حوالے سے ٹوئٹر پر متعدد بار ٹرینڈز بھی چلے جب کہ ڈرامے میں اسلامی لباس میں نظر آنے والے اداکاروں کی بولڈ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کچھ پاکستانی مداحوں کے دل بھی ٹوٹے مگر اس کے باوجود ڈرامے کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی۔
اگرچہ ’ارطغرل غازی‘ نے اردو میں پہلی قسط نشر ہوتے ہی پاکستانیوں کے دل جیت لیے تھے تاہم اس نے پاکستانی ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ کا 8 ماہ کے عرصے میں بنایا گیا یو ٹیوب پر مقبولیت کا ریکارڈ محض 20 دن میں توڑ دیا۔ ’میرے پاس تم ہو‘ کی پہلی قسط کو 14 مئی کی رات 10 بجے تک یوٹیوب پر 2 کروڑ 79 لاکھ 620 بار دیکھا گیا تھا اور اس ڈرامے کی پہلی قسط کو یوٹیوب پر 17 اگست 2019 کو اپ لوڈ کیا گیا تھا۔ یعنی میرے پاس تم ہو کو پہلی قسط کو یوٹیوب پر اپ لوڈ ہوئے تقریباً 9 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔
’میرے پاس تم ہو‘ کو پاکستان کے مقبول ترین ڈرامے کا اعزاز حاصل تھا اور جس نے یو ٹیوب پر مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنائے تھے۔ اس ڈرامے کی کہانی اور کرداروں پر بھی سوشل میڈیا پر تب تک بحثیں جاری رہیں جب تک جنوری 2020 میں اس کا اختتام نہیں ہوا تھا۔ ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کے تحریر کردہ ڈرامے میں ہمایوں سعید، عائزہ خان، حرا مانی، سویرا ندیم اور عدنان صدیقی نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔
تاہم اب اسلامی فتوحات پر مبنی ترکی کے ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ نے میرے پاس تم ہو کو مقبولیت میں پیچھے چھوڑتے ہوئے یوٹیوب پر نیا ریکارڈ بنا لیا ہے۔ ’ارطغرل غازی‘ کی پہلی قسط کو یوٹیوب پر 25 اپریل کو اپ لوڈ کیا گیا تھا اور اس کی پہلی قسط کو 14 مئی کی رات 10 بجے تک 2 کروڑ 22 لاکھ 62 ہزار 570 بار دیکھا جا چکا تھا۔ ’ارطغرل غازی‘ کی پہلی قسط کو یوٹیوب پر اپ لوڈ کیے ہوئے تین ہفتے بھی مکمل نہیں ہوئے تاہم اسے یوٹیوب پر 2 کروڑ 22 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا جب کہ میرے پاس تم ہو کو تقریباً 9 ماہ میں 2 کروڑ 79 لاکھ بار دیکھا گیا۔ اس حساب سے جہاں ’ارطغرل غازی‘ نے ’میرے پاس تم ہو‘ کو مقبولیت میں پیچھے چھوڑ دیا، وہیں اس نے یوٹیوب پر پاکستان میں نیا ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔ یہی نہیں بلکہ ’ارطغرل غازی‘ کی ابتدائی 20 قسطوں کو مجموعی طور پر یوٹیوب پر 14 مئی کی رات 10 بجے تک تقریبا 15 کروڑ بار دیکھا جا چکا تھا۔
یاد رہے کہ ’ارطغرل غازی‘ کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی کہانی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔ ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔ ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔
یہ ڈرامہ پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے۔ یہ ڈرامہ پانچ سیزن اور مجموعی طور پر 179 قسطوں پر مبنی ہے، جس کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈرامہ ’نیٹ فلیکس‘ سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔
اس ڈرامے کو ترکی کا ’گیم آف تھرونز‘ بھی کہا جاتا ہے اوراسے یوٹیوب پر اپ لوڈ کرنے کےلیے پی ٹی وی نے (TRT Ertugrul by PTV) کے نام سے نیا چینل بھی بنایا، جسے 14 مئی تک 21 لاکھ سے زائد افراد نے سبسکرائب کرلیا تھا۔
پی ٹی وی کی خواہش ہے کہ اس یوٹیوب چینل کو ایک ماہ میں کم از کم 67 لاکھ افراد سبسکرائب کریں تاکہ وہ ایک نیا ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوں. اس وقت یوٹیوب پر ایک ماہ میں سب سے زیادہ 66 لاکھ سبسکرائبر کا ریکارڈ ہے اور پی ٹی وی اس ریکارڈ کو توڑنا چاہتی ہے۔
دوسری جانب ’ارطغرل غازی‘ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ’میرے پاس تم ہو‘ کے ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے بھی اسی طرح کا پاکستانی ڈرامہ بنانے کا اعلان بھی کردیا ہے۔ حال ہی میں انہوں نے ایک ٹی وی انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ ایک ایسے ڈرامے کے اسکرپٹ تیار کرنے پر کام کررہے ہیں جو ’ارطغرل غازی‘ جیسا ہوگا اور انہوں نے مذکورہ ڈرامے کے حوالے سے اداکار ہمایوں سعید سے بات بھی کرلی ہے۔ خلیل الرحمٰن قمر کے انکشاف کے بعد ہمایوں سعید نے بھی تصدیق کی کہ وہ مل کر ایک تاریخی ڈرامہ بنانے کی تیاریاں کر رہے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا ڈرامہ ’ارطغرل غازی‘ کا ریمیک نہیں ہوگا بلکہ وہ ایک مختلف تاریخی ڈرامہ ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button