ارطغرل کی حلیمہ کے برانڈ ایمبیسیڈر بننے پر ناراض کون؟

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والوں نے ڈرامہ ارطغرل غازی کی ہیروئن حلیمہ سلطان کو ایک پاکستانی کمپنی کی جانب سے اپنا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کئے جانے پر اظہار ناراضی کیا ہے۔

شہرہ آفاق ترک ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی کی حلیمہ سلطان نے پاکستانی مداحوں کے دلوں میں گھر کرلیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں ان کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے پاکستانی برانڈ کیو موبائل نے انہیں اپنے اشتہار کےلیے منتخب کیا۔ تاہم اداکار یاسر حسین کو یہ بات ایک آنکھ نہ بھائی اور انہوں نے موبائل فون کمپنی اور ترک اداکارہ اسریٰ بلگچ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا کوئی ایک بھی پاکستانی اسٹار اس قابل نہ تھا کہ وہ برانڈ ایمبسڈر بنتا؟۔
رواں برس اپریل میں پاکستان ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے ترک ڈرامے ارطغرل غازی کو سرکاری ٹی وی پر چلانے پر بھی شوبز و سیاسی شخصیات نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔ جن شوبز شخصیات نے ترک ڈرامے کو سرکاری ٹی وی پر چلانے پر برہمی کا اظہار کیا تھا ان میں اداکار یاسر حسین بھی شامل تھے۔

اداکار یاسر حسین ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کو پی ٹی وی پر نشر کرنے کے شروع سے ہی مخالف ہیں اور پہلے بھی انہوں نےاس ڈرامے کو پی ٹی وی پر نشر کرنے کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ غیر ملکی ڈرامے کو پاکستان کے سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے سے مقامی فنکاروں کو نقصان ہوگا۔
0 yasir 1594709892شوبز و سیاسی شخصیات کی جانب سے ڈرامے کو سرکاری ٹی وی پر چلانے کی تنقید اپنی جگہ لیکن اس کے باوجود ترک ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے اور ڈرامے کی کاسٹ بھی ملک میں مقبول ہوگئی۔
ڈرامے کی کاسٹ کے مقبول ہونے کے بعد پاکستان میں سب سے زیادہ شہرت ڈرامے کی مرکزی اداکارہ اسریٰ بلگچ کو ملی جنہوں نے ڈرامے میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کیا تھا۔

اسریٰ بلگچ کی شہرت کو دیکھتے ہوئے چند پاکستانی برانڈز نے اداکارہ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا، جس کا انکشاف خود اداکارہ نے رواں ماہ کے آغاز میں ایک انٹرویو میں بھی کیا تھا۔

اسریٰ نے بتایا تھا کہ وہ جلد تین پاکستانی برانڈز کے ساتھ کام کرتی دکھائی دیں گی، جس کے بعد ان کے ساتھ مزید برانڈز نے کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ پاکستانی برانڈز کی جانب سے اسریٰ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کے بعد انہوں نے نے اردو میں اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا تھا کہ پاکستان میں وہ کسی بھی انتظامی کمپنی کے ساتھ کام نہیں کرتیں، ان کے ساتھ کام کے خواہش مند حضرات ترکی میں ان کی شراکت دار کمپنی سے رابطہ کریں۔
0 yasir 1594710053اسریٰ بلگچ کی مقبولیت کے بعد پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بھی ٹوئٹر پر مداحوں سے رائے طلب کی تھی کہ اگر حلیمہ سلطان کو کرکٹ ٹیم کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا جائے تو کیسا رہے گا؟
جاوید آفریدی کی ٹوئٹ کے بعد اسریٰ بلگچ نے بھی ان کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا تھا کہ جلد پاکستانی مداحوں کو اچھی خوش خبری سننے کو ملے گی۔

خیال کیا جانے لگا تھا کہ اسریٰ بلگچ کو جلد ہی پشاور زلمی کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا جائے گا، تاہم کرکٹ ٹیم کے اعلان سے قبل ہی معروف موبائل کمپنی کیو نے اداکارہ کو پاکستان میں سفیر مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔
کیو موبائل پاکستان نے 12 جولائی کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں تصدیق کی کہ کمپنی نے ترک اداکارہ کو اپنا برانڈ امبیسڈر مقرر کیا ہے۔
اسریٰ کو سفیر مقرر کیے جانے کے بعد جہاں ان کے مداح خوش دکھائی دیے، وہیں چند پاکستانی شوبز ستارے اس فیصلے پر نالاں بھی دکھائی دیے اور سب سے زیادہ اداکار یاسر حسین نے برہمی کا اظہار کیا۔

یاسر حسین نے اسریٰ بیلگچ کو پاکستانی موبائل کا سفیر مقرر کرنے پر انسٹاگرام اسٹوریز میں سوالات اٹھائے کہ کیا کوئی پاکستانی اداکارہ اس قابل نہیں تھی کہ انہیں امبیسڈر مقرر کیا جائے؟
یاسر ٰحسین نے مداحوں سے سوال کیا کہ کیا انہیں لگتا کہ پاکستانی برانڈ کی سفیر پاکستانی اداکارہ ہی ہونی چاہیے؟ نہ بھارتی، نہ ترک، ساتھ ہی انہوں نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔
یاسر حسین نے اپنی ایک اور اسٹوری میں لکھا کہ کیا ماہرہ، صبا، سونیا، منال، ایمن، امر زارا، ہانیہ، ثنا، یمنیٰ، ارمینا، سارہ اور حرا، کیا ان میں سے کوئی بھی اس قابل نہیں کہ وہ پاکستانی برانڈ کی امبیسڈر بن سکیں۔
یاسر حسین نے ایک بار پھر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے مداحوں پر زور دیا کہ وہ پاکستانی اداکاروں کو سپورٹ کریں۔
ساتھ ہی یاسر حسین نے اپنی اسٹوری میں وضاحت کی کہ انہوں نے اہلیہ اقرا عزیز کا نام اس لیے نہیں لکھا، کیوں کہ وہ پہلے ہی ایک موبائل برانڈ کی سفیر ہیں۔
یاسر حسین کے سوالات پر جہاں کچھ مداح ناراض دکھائی دیے، وہیں کچھ نے ان سے اتفاق بھی کیا۔
یاسر حسین کی جانب سے ترک اداکارہ کو پاکستانی برانڈ کی سفیر مقرر کرنے پر برہمی کا اظہار کرنے کی اسٹوریز کو اداکارہ ایمن خان اور منال خان نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔
ایمن خان نے یاسر حسین سے ترک اداکارہ کو پاکستانی برانڈ کی سفیر مقرر کرنے پر اتفاق کیا جب کہ منال خان کا کہنا تھا کہ اگرچہ یاسر درست کہہ رہے ہیں مگر کچھ لوگ انہیں ضرور غلط ثابت کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button