ارطغرل کے PTV پروڈیوسر پر جنسی ہراسگی کا الزام عائد

پشتو ڈراموں کی خوبصورت اداکارہ سحر شنواری نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی وی پر اردو ڈبنگ کے ساتھ نشر کئے جانے والے ترکش ڈرامے ارطغرل کے پروڈیوسر رومی نے ان کو اپنے ساتھ سونے کی پیشکش کی جس کو ٹھکرانے پر ان کے ساتھ کیا گیا معاہدہ منسوخ کر دیا گیا ۔
معروف اداکارہ سحر شنواری نے سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پی ٹی وی میں کام کرنے والے رومی نام کے پروڈیوسر نے مجھے جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی، اور میرا معاہدہ صرف اس بنا پر منسوخ کر دیا کہ میں نے اسکا بستر گرم کرنے سے معذرت کر لی تھی۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر پاکستان ٹیلی ویژن پر ترکش ڈرامہ ارطغرل دیریلش اردو ڈبنگ کے ساتھ نشر کیا جا رہا ہے جسے بہت زیادہ عوامی پذیرائی مل رہی ہے۔ رومی نامی پروڈیوسر اس ڈرامے کو اردو میں دوبارہ پروڈیوس کر رہا ہے۔ ارطغرل ڈرامے کے حوالے سے پی پی پی کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا تھا کہ پی ٹی وی ترک ڈرامے کیوں پروموٹ کر رہاہے؟
تاہم نفیسہ شاہ کے ٹوئیٹ کو شیئر کرتے ہوئے اداکارہ سحر شنواری نے الزام لگا دیا کہ انھوں نے پی ٹی وی کیساتھ ایک معاہدہ سائن کر رکھا تھا۔ تاہم پی ٹی وی کے پروڈیوسر رومی نے انہیں اپنے ساتھ سونے کی پیشکش کی جسے ٹھکرانے پر اسے کام سے ہی نکال دیاگیا۔ سحر شنواری نے مزید کہا کہ پروڈیوسر کی جنسی خواہشات پوری نہ کرنے کی وجہ سے ان سے معاہدہ ختم کر دیا گیا تھا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ پروڈیوسر رومی نے مجھے جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی تھی، پہلے ان سے ٹیلنٹ کی بنیاد پر معاہدہ کر لیا گیا تھا، لیکن بعد میں اگلے ہی دن میرا معاہدہ صرف اس بنا پر منسوخ کیا گیا کہ میں نے پروڈیوسر کا بستر گرم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اداکارہ نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر مزید لکھا کہ میں جانتی ہوں کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں صلاحیتوں کے حامل افراد کو کس طرح سے فروغ دیا گیا، اب کم از کم وہ حلال ذرائع سے کما رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اداکارہ سحر شنواری نے اپنے مذکورہ بیان میں اپنے ساتھ 2 سال قبل پیش آنے والے واقعے کا ذکر کیا ہے۔ اداکارہ سحر نے اپنے اس مذکورہ بیان کو ترکی کے ڈرامہ ارطغرل غازی کے حوالے سے ایم این اے نفیسہ شاہ کے ٹویٹ کے بعد ٹویٹ کیا، جس میں وہ پروڈیوسر کا نام رومی بتا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ سحر شنواری اس سے قبل نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر جیمز نیشم کو سوشل میڈیا پر شادی کی دلچسپ انداز میں آفر کرنے پر بھی خبروں کی زینت بن چکی ہیں۔ کیوی کرکٹر جمی نیشم نے امریکہ کے شہر لاس اینجلس کے ایئر پورٹ پر اپنے ساتھ پیش آنے والے انتہائی ناخوشگوار تجربے کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے لکھا کہ ’ مجھے لگتا ہے کہ میں نے ہمیشہ کیلئے جہنم میں رہنے کے عذاب کے بارے میں بہت کچھ جان لیا ہے، اس پر لاس اینجلس ایئر پورٹ شکریہ کا مستحق ہے جس کے ذریعے میں نے چند ایک بار سفر کیا ہے۔ جمی نیشم کے اس ٹویٹ کے جواب میں پشتو ڈراموں کی اداکارہ سحر شنواری نے انہیں ہلکے پھلکے انداز میں شادی کیلئے پرپوز کردیا۔ انہوں نے لکھا ’جمی ، کیا تم مستقبل میں پیدا ہونے والے میرے بچوں کے باپ بننا پسند کرو گے؟ اداکارہ کے اس ٹویٹ کے جواب میں جمی نیشم نے انتہائی مزاحیہ انداز میں جواب دیا اور کہا ’ مجھے انتہائی شدت کے ساتھ محسوس ہورہا ہے کہ آپ کے پرپوزل میں ایموجیز غیر ضروری تھے۔‘ خیال رہے کہ سحر شنواری نے اپنے پرپوزل میں ایسے ایموجیز استعمال کیے تھے جن سے ظاہر ہوتا تھا کہ انہوں نے یہ بات صرف مذاق میں کہی ہے۔
پاکستانی اداکارہ کی جانب سے کیوی سٹار کو پرپوز کیے جانے کے بعد کرکٹ سے وابستہ عالمی ویب سائٹس سمیت انڈین میڈیا نے اس خبر کو بھرپور کوریج دی تاہم کچھ ویب سائٹس نے اسے سستی شہرت کا ذریعہ قرار دیا تھا۔ تاہم اب ڈرامہ ارطغرل کے پی ٹی وی کے پروڈیوسر رومی پر جنسی ہراسگی کا الزام عائد کر کے وہ ایک بار پھر خبروں کی زینت آ چکی ہیں۔ تاہم تا حال رومی کی طرف سے اس حوالے سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔
