ارمینا خان کے شوہر نے بیوی کے عاشق کو کس چیز سے ڈرایا؟

اداکارہ ارمینہ خان کو وقت گزاری کے لیے پیسوں کی آفر کرنے والے دبئی کے شیخ کو ارمینہ کے شوہر فیصل خان نے کھری کھری سناتے ہوئے کرونا وائرس منتقل کرنے کی دھمکی دے دی جس کے بعد عرب شیخ دم دبا کر بھاگ گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور کینیڈا میں کئی فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کرکے نام بنانے والی خوبصورت اداکارہ ارمینہ خان نے حال ہی میں اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دو پیغامات کا سکرین شاٹ شیئر کیا۔ ان پیغامات کے ساتھ کھلکھلاتی ہوئی ایموجیز شیئر کرتے ہوئے ارمینہ خان نے لکھا تھا کہ میرا شوہر بہت وحشی ثابت ہوا ہے۔
یقیناً ارمینہ خان نے بالکل درست کہا۔ ہوا یوں کہ ارمینہ خان کو دبئی کے کسی کاروباری شیخ کی جانب سے سوشل میڈیا پر انتہائی نازیبا پیغام بھیجا گیا جس میں ان کو اچھا وقت گزارنے کے عوض بھاری رقم دینے کی پیشکش کی گئی تھی۔ نامعلوم شیخ نے اپنے پیغام میں ارمینہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے آپ کا پروفائل دیکھا ہے، آپ انتہائی خوبصورت ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ کرونا وائرس کا قصہ جب ختم ہوجائے تو ہم دبئی میں کہیں ملاقات کریں۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ آپ مجھے خوش کریں گی تو میں اس کے بدلے آپ کوڈھیر سارے پیسے دوں گا۔
یقیناً یہ کسی انجان شخص کی جانب سے ایک شادی شدہ اداکارہ کے لیے انتہائی بھیانک اور ناقابل قبول آفر ہے۔ تاہم جب ارمینہ نے اپنے شوہر کو شیخ کا پیغام دکھایا تو اس نے ارمینہ ہی کے اکاؤنٹ سے شیخ کو جواب لکھا کہ میرا نام فیصل خان ہے اور میں ارمینہ خان کا شوہر ہوں۔ میں نے اپنی بیوی کو بھجوایا گیا تمہارا پیغام بھی دیکھا اور تمہاری پروفائل پکچر بھی دیکھی۔ ارمینہ کے شوہر نے عربی شیخ کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ہمیں ملاقات میں دیر نہیں کرنی چاہیے۔ کرونا والا مسئلہ چھوڑو۔ مجھے تو پہلے ہی کرونا ہے اور اب میں چاہتا ہوں کہ تم سے فوراً ملاقات ہو اور میں کرونا کا پیغام تمہارے تک پہنچاوں۔ سناؤ کیا کہتے ہو اس کے بارے میں۔
بس پھر کیا تھا۔ مذکورہ عربی شیخ جس نے ارمینہ خان کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے اپنے ساتھ وقت گزاری کے لیے پیسوں کی آفر کی تھی اس نے ارمینہ کے شوہر فیصل خان کا پیغام پڑھ کر چپ رہنے میں ہی عافیت جانی کیونکہ اس نے بات ہی ایسی کر دی تھی کہ شیخ نے پیغام پڑھ کر ہی شاید 14 روز کے لئے قرنطینہ میں جانے کا فیصلہ کر لیا ہوگا۔
بہرحال سوشل میڈیا صارفین نے ارمینہ خان اور ان کے شوہر کی اخلاقی جرأت کو خوب داد دی اور ہزاروں کی تعداد میں اس پیغام کو شئیر کیا گیا۔
ارمینہ رانا کی جانب سے اسکرین شاٹ شیئر کیے جانے پر کئی افراد نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کیے اور انہیں پیغامات بھجوانے والے کے عمل کی مذمت کی۔ کچھ افراد نے اداکارہ کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے پیغامات کو نظر انداز کردیا کریں، کیونکہ بطور اداکارہ لوگ ان سے ملنے کی خواہش بھی رکھیں گے اور اس کے عوض وہ پیسوں کی پیش کش بھی کریں گے۔
ٹیلی ویژن اور فلم نگری سے تعلق رکھنے والی خوبرو اداکاراوں کو اس طرح کے پیغامات موصول ہونا کوئی انہونی بات نہیں تاہم کم ہی ایکٹریسز ہمت کرکے اس طرح کے لوگوں کو بے نقاب کرتی ہیں۔
اس سے قبل رواں برس ایک اور ٹی وی اداکارہ مریم نفیس کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انہوں نے اس فعل کے خلاف توانا آواز اٹھائی تھی۔ یاد رہے کہ مریم نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر خود کو تین لاکھ روپے کے عوض ملاقات کی پیش کش کرنے والے کو ذہنی بیمار قرار دیا تھا۔اداکارہ مریم نفیس نے تین لاکھ روپے کی ادائیگی کے عوض چند گھنٹے کا ساتھ مانگنے والے شخص کو بیمار ذہنیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں ایک اداکارہ ہوں، کوئی جسم فروش نہیں۔ مریم نفیس نے خود کو ہراساں کرنے والے شخص کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اس کے واٹس ایپ پیغامات کے سکرین شاٹس سوشل میڈیا پر شیئر کردئیے تھے۔ مریم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ انہیں نامناسب پیغامات کی وجہ سے ذہنی تناؤ کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں اس بات کا افسوس ہے کہ انہیں کسی نے جسم فروش سمجھا۔
