عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں رکوائے،پاکستان سمیت 8 اسلامی ممالک کا مطالبہ

پاکستان سمیت آٹھ اسلامی ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی حالیہ کارروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو ان اشتعال انگیز اقدامات سے باز رکھے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سعودی عرب، اردن، متحدہ عرب امارات، قطر، انڈونیشیا، پاکستان، مصر اور ترکیے کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ طور پر مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی جانب سے غیر قانونی اختیار قائم کرنے، یہودی بستیوں کی توسیع اور نئے انتظامی و قانونی ڈھانچے نافذ کرنے کی کوششوں کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
مشترکہ بیان میں واضح کیا گیا کہ اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کسی قسم کی خودمختاری کا کوئی حق حاصل نہیں، اور ایسے اقدامات مغربی کنارے کے غیر قانونی الحاق اور فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کی کوششوں میں تیزی لا رہے ہیں۔
وزرائے خارجہ نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیاں خطے میں کشیدگی، تشدد اور عدم استحکام کو مزید بڑھا رہی ہیں۔
اعلامیے میں اسرائیلی اقدامات کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
مشترکہ بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے اسرائیل کو مقبوضہ مغربی کنارے میں ان خطرناک اقدامات کو فوری طور پر روکنے پر مجبور کرے۔
وزرائے خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دو ریاستی حل، عرب امن منصوبے اور 4 جون 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر القدس کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنانا ہی خطے میں منصفانہ اور دیرپا امن کے قیام کا واحد راستہ ہے۔
