اسلامی نظریاتی کونسل کی سرگودھا میں مسیحی خاندانوں پر حملوں کی مذمت

اسلامی نظریاتی کونسل نے سرگودھا میں توہین قرآن اور مشتعل ہجوم کے مسیحی خاندانوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ’موب جسٹس‘کے مقدمات کی سماعت کےلیے خصوصی عدالتوں کا قیام ضروری ہوگیا ہے۔
ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی کی زیر صدارت اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس میں 25 مئی کو سرگودھا میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور مشتعل ہجوم کی جانب سے مسیحی خاندانوں پر حملوں کی مذمت کی گئی، کونسل کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ توہین قرآن اور مسیحی خاندانوں پر حملے کرنے والے افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ اس قسم کے جرائم کے فیصلوں کےلیے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے مزید کہا کہ عوام الناس میں یہ رجحان بیدار کرنے کی ضرورت ہے کہ قانون اپنے ہاتھ میں نہ لیا جائے۔ ایسا کرنا قرآن و سنت اور آئین پاکستان او رمتفقہ قومی دستاویز ’پیغام پاکستان‘ کے خلاف ہے۔
یاد رہے کہ ہفتے کے روز سرگودھا کی مجاہد کالونی میں ایک عیسائی گھر کے باہر سے قرآنی آیات والے کچھ اوراق کی بے حرمتی کی افواہ پر مشتعل ہجوم نے ہنگامہ آرائی کی، حملہ آوروں نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے قرآن کے مقدس اوراق کو نذر آتش کیا۔
