اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں اور سفری سہولیات پر سی ڈی اے کا اہم اجلاس

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دینے کےلیے چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کی مجموعی ترقی،جدید سفری سہولیات اور میگا منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود، ممبر انجینئرنگ نفاست رضا، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈائریکٹر جنرل پروکیورمنٹ اینڈ کنٹریکٹ، سینئر افسران اور متعلقہ منصوبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ شرکاء کو مختلف ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران الیکٹرک بس ڈپو اور چارجنگ سٹیشنز کی تعمیر سے متعلق امور زیر غور آئے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دو سائٹس پر مشتمل الیکٹرک بس ڈپو کا مجموعی طور پر تقریباً 97 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ سائٹ اے پر تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ الیکٹرک بس سروس کے تمام 21 روٹس کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے اور شہری بڑی تعداد میں اس سہولت سے استفادہ کر رہے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق الیکٹرک بس سروس کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور روزانہ رائیڈر شپ میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جہاں 31 دسمبر 2025 کو ایک لاکھ دو ہزار شہریوں نے اس سروس سے فائدہ اٹھایا۔
اجلاس میں مارگلہ ایونیو کو موٹروے ایم ون سے منسلک کرنے کے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ کنونشن، ایکسپو اینڈ ایگزیبیشن سینٹر کی تعمیر اور اسلام آباد میں لگژری ہوٹل کے قیام سے متعلق منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد میں ہاسپیٹیلٹی انڈسٹری کے فروغ کے ذریعے دارالحکومت کو بین الاقوامی معیار کا جدید شہر بنانا سی ڈی اے کا ہدف ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کے ڈیزائن اسٹیٹ آف دی آرٹ ہونے چاہئیں اور سی ڈی اے کے آرکیٹیکچر و ڈیزائن ونگ کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی، جدید انفراسٹرکچر کی ترقی اور اسلام آباد کی خوبصورتی و فعالیت میں اضافہ سی ڈی اے کی اولین ترجیحات میں شامل رہے گا۔

