اسلام آباد کے شاپنگ مال میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

وفاقی دارالحکومت کے علاقے ایف ایٹ میں واقع سینٹورس مال میں آج اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس پر امدادی ٹیموں کی بروقت کوششوں سے قابو پالیا گیا ہے تاہم بیرونی حصہ میں ہلکی آگ موجود ہے جسے بجھانے کے ساتھ کولنگ کا عمل جاری ہے۔

شاپنگ مال میں آگ لگنے سے کسی بھی دکان کو نقصان نہیں پہنچا جبکہ آتشزدگی کے باعث کسی کے جاں بحق یا زخمی ہونے اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں، آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں سمیت سینیئر پولیس، انتظامیہ کے افسران اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقراررکھنے کے لیے متبادل پلان جاری کر دیا گیا ہے۔

امدادی ٹیموں نے شاپنگ مال میں پھنسے افراد کوعقبی راستے ایف ایٹ کی جانب سے بحفاظت نکالا جس کے بعد ٹیمیں مال کے اندر سرچ آپریشن آپریشن بھی کیا گیا۔ آگ بجھانے کے لیے فائربریگیڈ ریسکیو اور ہیلی کاپٹر کی بھی طلب کی گئی۔

شاپنگ پال میں آگ کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچیں جبکہ پاک بحریہ کی ٹیم اور تین فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچیں، آگ لگنے کے بعد سینٹورس مال کی تیسری منزل سے دھواں بلند ہوا اور آسمان پر دھوئیں کے بادل دکھائی دیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کا واقعہ سینٹورس مال کی تیسری منزل پر واقع ریسٹورنٹ میں لگی جس کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے سینٹورس مال میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کے متعلقہ اداروں اور حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ بہت افسوس ہے کہ اس معروف کاروباری مرکز میں یہ واقعہ رونما ہوا ہے، دعا ہے کہ کوئی جانی نقصان نہ ہوا ہو جبکہ متاثرین کے مالی نقصانات پر افسوس اور ہمدردی ہے۔

Back to top button