اسلام آباد: اسکول میں بجلی نہ ہونے سے گرمی کے باعث 25 بچے بے ہوش

اسلام آباد کے علاقے ملپور بارہ کہو میں بجلی نہ ہونے سےگورنمنٹ فیڈرل اسکول میں 25 بچے بے ہوش ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو ناک سے خون آنا شروع ہو گیا تھا جس پر بچوں کے سر پر پانی ڈال کر ناک سے بہتے خون کو روکنے کی کوشش کی گئی۔ اسلام آباد کے بھارہ کہو زون کے ایریا ایجوکیشن آفیسر سہیل خان نے تصدیق کی کہ مضافاتی علاقے مل پور کے سرکاری پرائمری اسکول میں آج صبح سے بجلی نہیں تھی اور شدید گرمی کی تاب نہ لا کر چھوٹے بچے بے ہوش ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ صبح ساڑھے نو بجے تین بچے بے ہوش ہوئے اس کے بعد ساڑھے گیارہ بجے چار مزید بچے بے ہوش ہوئے۔ انہوں نے ان اطلاعات کی تردید کی کہ واقعے میں 25 بچے بے ہوش ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر مل پور میں بجلی نہیں جاتی اور گزشتہ سال جون میں ایسی گرمی بھی نہیں تھی اس وجہ سے کسی کو اندازہ نہ تھا کہ اس سال اتنی شدید موسم ہو سکتا ہے۔ سہیل خان نے کہا کہ کئی بچوں نے ناشتہ نہیں کر رکھا تھا اور ان کا شوگر لیول بھی کم تھا شاید یہ بھی بے ہوشی کی وجہ بنی ہو۔ انہوں نے بتایا کہ تمام بچوں کو فوری ابتدائی طبی امداد دے کر گھروں میں بھیج دیا گیا ہے۔ تمام بچوں کی حالت اب بہتر تھی۔ گورنمنٹ فیڈرل اسکول میں پڑھنے والے بچوں کی تعداد 200 سے زائد ہے۔ واقعے کے بعد اسکول انتظامیہ نے بچوں کو چھٹی دے دی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واپڈا کو بجلی بندش کی اطلاع دی، لیکن اس کے باوجود بجلی بحال نہیں کی گئی۔ اس سوال پر کہ اسلام آباد فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور انتظامیہ اس طرح کے واقعات کے سدباب کےلیے اب کیا اقدامات کرے گی؟ تو ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے آج ایک اجلاس ہو گا جس میں اسلام آباد کے پرائمری اسکولوں میں شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کےلیے سولر سسٹم لگانے پر غور کیا جائے گا تاکہ لوڈ شیڈنگ کے دوران بھی پنکھے چلتے رہیں۔ لوڈ شیڈنگ سے بچوں کی بے ہوشی کے واقعے پر سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ صحافی اویس یوسف زئی نے لکھا کہ موسم کی شدت کے باعث ہر سال تعلیمی اداروں میں جون سے گرمیوں کی چھٹیاں سٹارٹ ہو جاتی تھیں۔ اس مرتبہ سارا سال چھٹیاں یا آن لائن کلاسز چلیں مگر گرمی شدید ہوئی تو اسکول اوپن کر دیے گئے۔ فیصلہ سازوں کے بچے یقینا ایئر کنڈیشنڈ اسکولوں میں پڑھتے ہوں گے۔ وزارت توانائی نے لوڈشیڈنگ کے حوالے سے وضاحتی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ملک بھر میں شدید گرمی کی وجہ سے بجلی کا استعمال کافی بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے بجلی تقسیم کار سسٹم میں لوکل فالٹس بھی معمول سے بڑھ گئیں ہیں۔ تمام ڈسکوز کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں کہ اضافی عملے کی تعیناتی سمیت ٹرانسفارمرز اور دیگر ضروری آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس ضمن میں پاور ڈویژن مسلسل صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہا ہے کسی بھی لوکل فالٹ کی صورت میں متعلقہ کمپلینٹ نمبر یا ہمارے سنٹرل نمبر 118پر کال یا 8118پر SMSکریں تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے بھی اپنے کنٹرول رومز کے نمبر شیئر کردیے ہیں۔

Back to top button