اسلام آباد پولیس کے اعزازیDSP حارث رؤف تنقید کا شکار

اپنی تندو تیز گیندوں سے حریف بلے بازوں کے چھکے چھڑانے والے فاسٹ بائولر حارث رئوف کو عزازی طور پر اسلام آباد پولیس کا ڈی ایس پی بنا دیا گیا ہے، آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے قومی کرکٹر کو اعزازی رینک لگائے۔
اعزاز ملنے کے بعد حارث رؤف نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ اسلام آباد پولیس کا خیر سگالی سفیر کے طور پر تقرر ہونے پر مجھے واقعی فخر ہے، اس سے بھی بڑا اعزاز یہ ہے کہ ہم اس یونیفارم کو اپنے ہیروز کے طور پر پہننے کے قابل ہوں جنہوں نے ڈیوٹی کی لائن میں اپنی جانیں دیں۔
حارث رؤف کرکٹ ٹیم کے اُن کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں افغانستان کے خلاف یو اے ای میں کھیلی گئی ٹی20 سیریز سے آرام دیا گیا تھا۔
دوسری جانب حارث رؤف کی اس ٹویٹ کے بعد انہیں سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے حامی اُنہیں اسلام آباد پولیس کی جانب سے جماعت پر پرتشدد کارروائیوں اور پکڑ دھکڑ کے باوجود یہ اعزازی عہدہ لینے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
شعیب تیمور نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’کیا خیر سگالی؟ یہ بچوں کو گرفتار کرتے ہیں، نہتے لوگوں پر حملہ کرتے ہیں اور کیا کیا نہیں کرتے۔ وِرک شاہزیب نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’ماشا اللہ، آپ اب بچوں کو گرفتار کرنے کب جا رہے ہو یا ان پر آنسو گیس کب پھینکو گے؟‘
وِکی وڑائچ نے حارث رؤف سے پوچھا کہ ’پچھلے ایک سال سے اسلام آباد پولیس انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے، لوگوں کو اغوا کر رہی ہے۔ 12، 15 سال کے بچوں کو اُٹھا رہی ہے۔ تشدد کر رہی ہے۔ لیکن حارث رؤف کو یہ سب نظر نہیں آیا۔ افسوس۔‘
مریم نے لکھا کہ ’یہ دیکھ کے سارا موڈ خراب ہو گیا، عائشہ اطہر نے ٹی20 ورلڈ کپ کی مثال دیتے ہوئے لکھا کہ ’سہی چھکے مارے تھے کوہلی نے اور وہ آپ کے کیریئر کا نازک وقت نہیں تھا بلکہ یہ ہے۔‘
حماد ملک نے حارث رؤف سے پی ٹی آئی کارکنان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’انہیں حکم دیں کہ پی ٹی آئی کے معصوم کارکنان کو رہا کریں۔
خیال رہے ان سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو خیبر پختونخوا پولیس کا خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیا تھا جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے اعزازی ڈی ایس پی بنایا گیا تھا۔
شاہین شاہ آفریدی کو انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری اور چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شہزاد خان بنگش نے پولیس کے اعزازی عہدے سے نوازا تھا۔
جبکہ بلوچستان پولیس نے قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو بھی خیر سگالی سفیر مقرر کیا جا چکا ہے، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں منعقدہ تقریب میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بالر نسیم شاہ کو بلوچستان پولیس کا خیر سگالی سفیر مقرر کرتے ہوے اعزازی ڈی ایس پی کے عہدے پر فائز کیا۔
