اسلام آباد کے تاجر محمد شفیق کا عمران خان کی گھڑی خریدنے سے انکار

اسلام آباد کے تاجر محمد شفیق نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گھڑیاں خریدنے سے صاف انکار کر دیا، ان کا کہنا ہے کہ میرا گھڑی خریدنے سے کوئی تعلق نہیں۔

عمران خان کی گھڑی کے مبینہ خریدار نے بتایا کہ میرا نام محمد شفیق ہے اور جناح سپر مارکیٹ ایف 7 میں میری دکان ہے، میرے خلاف پروپیگنڈا چل رہا ہے کہ میں نے عمران خان کی گھڑی خریدی ہے۔

محمد شفیق کا کہنا ہے کہ نہ میں نے کوئی گھڑی خریدی اور نہ ہی میرا اس سے کوئی تعلق ہے، نہ وہ میرا بل ہے، نہ دستخط ہیں، نہ میری لکھائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری دکان کی اسٹمپ کا غلط استعمال ہوا ہے، میں خاصے عرصے سے خاموش تھا کہ معاملہ ختم ہو جائے لیکن مجھے ہر طرف سے پریشانی ہوئی، میرا نام استعمال کیا جا رہا ہے ان تمام باتوں کی تردید کرتا ہوں، اگر مجھے اس معاملے میں گھسیٹا جائے گا تو قانونی چارہ جوئی کروں گا۔

دوسری جانب عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی زلفی بخاری کے ساتھ گفتگو کی ایک مبینہ آڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں دونوں عمران خان کی گھڑی کو فروخت کرنے کے حوالے سے گفتگو کر رہے ہیں۔

Back to top button