اس سال عیدی میں نئے نوٹوں نہیں ملیں گے

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات اور ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کے تناظر میں اس مرتبہ عیدالفطر کی مناسبت سے نئے کرنسی نوٹ جاری نہیں کیے جائیں گے۔
بینک دولت پاکستان کے ترجمان عابد قیصر کا کہنا تھا کہ کرنسی نوٹوں کی چھپائی کا کام تو معمول کے مطابق جاری ہے تاہم اس مرتبہ عید کے موقع پر اضافی کرنسی نوٹ جاری نہیں کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ ہر سال اسٹیٹ بینک ایس ایم ایس سروس کے تحت نئے نوٹ لینے کے خواہش مند افراد کو کمرشل بینکس کی برانچوں کے ذریعے کرنسی نوٹوں کی فراہمی یقینی بناتا ہے۔
عابد قیصر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خطرے کے تحت اسٹیٹ بینک میں صرف ضروری فرائض کی انجام دہی کا انتظام کیا گیا ہے جب کہ دیگر تمام کام گھروں سے اور سوشل ڈسٹنسنگ کے ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں، گزشتہ برس عیدالفطر پر بینک دولت پاکستان نے 360 بلین روپے مالیت کے نئے کرنسی نوٹ جاری کیے تھے جو زیادہ تر کم مالیت کے تھے۔ ان میں 100، 50، 20 اور 10 روپے کے نوٹ شامل تھے۔
عیدالفطر کے موقعے پر عیدی دینا تہوار کا حصہ ہے اور اس کےلیے نئے اور کرارے نوٹ ہی پسند کیے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسٹیٹ بینک کو اربوں روپے مالیت کے نئے کرنسی نوٹ جاری کرنا پڑتے ہیں۔
نئے نوٹ اسٹیٹ بینک اپنے سابقہ اور حالیہ ملازمین کے علاوہ عام عوام کےلیے بھی جاری کرتا ہے اور کمرشل بینکوں کی برانچوں کے توسط سے اس کی ترسیل کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ منی چینجرز کے پاس بھی نئے کرنسی نوٹ دستیاب ہوتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button