اشنیٰ شاہ ماحولیات اور جانوروں کے تحفظ کےلیے کام کریں گی

جانوروں کے تحفظ اور ماحولیات کےلیے سرگرم رہنے والی اداکارہ اشنیٰ شاہ کو ملٹی نیشنل فلاحی ادارے ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) پاکستان نے جذبہ خیر سگالی سفیر مقرر کردیا۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف کی جانب سے سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا گیا کہ ماحولیات اور جانوروں کے تحفظ کےلیے کام کرنے والے ادارے اور اداکارہ اشنیٰ شاہ کے درمیان جذبہ خیر سگالی سفیر کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ معاہدے کے تحت اداکارہ کو پاکستان میں ماحولیات اور جانوروں کے تحفظ کےلیے سفیر مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت وہ نہ صرف سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مہم چلاتی رہیں گی بلکہ وہ ادارے کے ساتھ مختلف منصوبوں میں مل کر کام بھی کریں گی۔ اشنیٰ شاہ کو جذبہ خیر سگالی سفیر مقرر کیے جانے پر ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ اداکارہ کے آنے سے ملک میں ماحولیات اور جانوروں کے تحفظ کےلیے جاری کوششوں میں بہتری آئے گی۔ اداکارہ اشنیٰ شاہ نے بھی ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ساتھ معاہدے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وہ عالمی ادارے کے ساتھ مل کر جانوروں اور ماحول کے تحفظ کےلیے کام کریں گی۔ اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انہیں ماحول اور فطرت کے تحفظ کے مشن کا حصہ بننے پر خوشی اور فخر ہے اور انہیں امید ہے کہ ان کی کوششوں سے بہتری آئے گی۔ اداکارہ نے لکھا کہ وہ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ساتھ کام کرنے پر پرجوش ہیں اور وہ کام شروع کرنے کے حوالے سے مزید انتظار نہیں کر سکتیں۔
خیال رہے کہ اشنیٰ شاہ سوشل میڈیا پر ماحول کے تحفظ اور خصوصی طور پر جانوروں کے تحفظ اور ان کے ساتھ کیے جانے والے ناروا سلوک پر پوسٹس کرتی رہتی ہیں۔ اداکارہ نے گھر میں کچھ جانور بھی پال رکھے ہیں اور وہ ان کی تصاویر بھی شیئر کرتی رہتی ہیں۔ اشنیٰ شاہ کے علاوہ بھی متعدد شوبز شخصیات ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ساتھ جانوروں اور ماحول کے تحفظ کے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔
