اظفر سے تعلق ٹوٹنے کے بعد عائشہ عمر نے شادی کیوں نہ کی

صرف ایک سال کی عمر میں سر سے والد کا سایہ اٹھ گیا، سخت محنت کرکے شوبز میں جگہ بنانے کی دھن میں کئی مرتبہ جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا، پھر ساتھی اداکار اظفر رحمان نے انکی زندگی میں رنگ بھردیے۔ لیکن 2015 میں کراچی سے حیدر آباد جاتے ہوئے ایک روڈ ایکسیدنٹ نے دونوں کو ایک دوسرے سے دور کردیا ۔ پہلے انکا تعلق ٹوٹا اور پھر اظفر کسی اور کا ہوگیا۔ بچپن سے ابتک دکھوں اور ہریشانیوں نے پاکستان کی سیلف میڈ اداکارہ عائشہ عمر کا کبھی پیچھا نہیں چھوڑا۔ کہتے ہیں کہ اداکار اظفر رحمان کی بیوفائی کے بعد عائشہ عمر کی زندگی میں کوئی دوسرا فرد نہیں آ سکا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ عمر کی 39 بہاریں دیکھ لینے کے باوجود عائشہ عمر کو گھر بسانے میں کوئی دلچسپی نہیں۔۔۔
بلبلے فیم پاکستان کی مقبول ترین اداکارہ عائشہ عمر فیشن ماڈل، ٹی وی ہوسٹ ،گلوکارہ اور مصورہ بھی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ عائشہ بھاری معاوضہ لیتی ہیں اور سٹائلش اتنی ہیں کہ انہیں سٹائل آئیکون کا خطاب مل چکا ہے۔ مگر عائشہ کی زندگی بالکل پیاز جیسی ہے جو باہر سے تو مکمل مطمئن اور پرسکون نظر آتا ہے لیکن جب اس کی پرتیں کھولی جائیں تو یہ سب کو رُلا دیتا ہے۔
1981 میں لاہور میں آنکھ کھولنے والی عائشہ عمر ابھی ایک سال کی ہی تھیں کہ والد انتقال کرگئے۔ ان کی بیوہ والدہ نے عائشہ اور ان کے بھائی کی تن تنہا پرورش کی۔ اپی بپتا سناتے ہوئےعا ئشہ عمرکہتی ہیں کہ ایک بیوہ عورت جس کے دو بچے تھے اس کے پاس مرحوم شوہر کے نام پر ایک پائی بھی نہیں تھی، اس عورت کے تمام بہن بھائی شادی شدہ تھے اور وہ یہ سمجھتے تھے کہ ان کی بہن کی جس خاندان میں شادی ہوئی ہے وہ ان کی معاشی اور جذباتی اعتبار سے اچھی دیکھ بھال کر سکیں گے۔
عائشہ نے اپنی محرومیوں کی داستان سناتے ہوئے انکشاف کیا کہ میری والدہ کے سسرال نے خاندانی کمپنی کو تحلیل کردیا تھا جس کے بڑے شیئر ہولڈر میرے والد تھے، جب ان کا انتقال ہوگیا تو میرے ددھیال والوں نے تمام تر رقم آپس میں ہی تقسیم کر لی۔ اب اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ عائشہ اور ان کے بھائی نے کن مشکل حالات میں پرورش پائی۔ عائشہ اپنے بچن کا تذکرہ کرتے ہوئے اس سخت کٹھن مگر آزادی سے بھرپور قرار دیتی ہیں۔ عائشہ کی پڑھی لکھی والدہ نے جیسے تیسے کرکےانہیں ایل جی ایس سے تعلیم دلوائی جس کے بعد عائشہ نے محنت سے پیسے جوڑ کر نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے گریجواشن کی۔
عائشہ کہتے ہیں کہ یہ وقت ہمارے لیے بہت مشکل تھا جیسے ہی میرا کالج شروع ہوا میں نے ٹی وی کے کچھ پروجیکٹس کرنا شروع کردیے تاکہ میں اپنی تعلیم کے اخراجات ادا کرسکوں۔
آٹھ سال کی عمر میں بطور چائلڈ آرٹسٹ پی ٹی وی پر ایک شو کی میزبانی کرنے والی عائشہ عمر نے کئی کمرشلز میں بھی کام کیا اور پھر 2000 میں پی ٹی وی کے ڈرامے کالج جینز سے باقاعدہ ایکٹنگ کا آغاز کیا۔ 2009 میں اے آر وائی کے سٹ کام بلبلے میں خوبصورت کے کردار نے تو جیسے عائشہ کو ہر گھر میں متعارف کروادیا۔ بچے بوڑھے جوان مردو خواتین سبھی عائشہ عمر کے نام سے بھلئ ناواقف ہوں لیکن بلبلے والی خوبصورت کو ضرور جانتے ہیں۔ گذشتہ چند برسوں کے دوران عائشہ نے جیو کے ڈرامے ڈولی کی آئے گی بارات، ہم ٹی وی کے ڈرامے زندگی گلزار ہے، پی ٹی وی کے لیڈیز پارک سے بھی خوب نام کمایا۔ انتہائی مشکل حالات میں کامیابی کی منزلیں طے کرنے والی عائشہ عمر ہمیشہ محبتیں بانٹنے اورمثبت سوچ اپنانے پر زور دیتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ میرا یقین ہے کہ آپ کو محبت کے جواب میں ویسی ہی محبت ملے گی۔ کائنات اسی طریقے سے چل رہی ہے، آپ جو دوسروں کو دیتے ہو، وہی آپ کو واپس ملتا ہے۔ اگر کوئی آپ کو پسند نہیں کرتا تو اسکا پیچھا کرنا چھوڑ دو۔ شاید یہ عائشہ کی اپنی آپ بیتی ہے۔ باپ کے پیار کے بعد محبت کے معاملے میں بھی قسمت نے عائشہ کے ساتھ جیسے ہاتھ کردیا ہو۔
عائشہ عمر کھلے دل سے مانتی ہیں کہ میں نے زندگی کے کچھ فیصلے غلط کئےجن کا مجھے آج بھی افسوس ہے۔ وہ بتاتی ہیں کہ ایک روڈ ایکسیڈنٹ نے انکی زندگی بدل کررکھ دی ہے۔ کسے نہیں معلوم کہ شوبز حلقوں میں عائشہ عمر اور اظفر رحمان کی جوڑی مثالی ہوا کرتی تھی، دونوں نے کئی پراجیکٹس میں اکٹھے کام کیا۔ آج سے کوئی چار سال قبل دونوں لانگ ڈرائیو پر کراچی سے حیدر آباد کی جانب نکلے تو یہ محبت کا آخری سفر ثابت ہوا۔ سڑک پر ایک تیز رفتار ٹرک کے ساتھ ان کی گاڑی ٹکرائی اور دونوں فنکار ہسپتال پہنچ گئے۔ اللہ نے دونوں کی زندگیاں تو محفوظ رکھیں لیکن اس واقعے کے بعد دونوں میں پہلے جیسی دوستی نہ رہی۔ حادثے کے بعد ان دونوں کے درمیان دوریاں کی کوئی خاص وجہ سمجھ نہیں آتی۔ لیکن اظفر ان سے دور یوتا چلا گیا۔ اس وجہ سے عائشہ عمر شدید صدمے سے دوچار رہیں۔ لیکن دو سال بعد اظفر نے اپنا گھر بسا لیا اور عائشہ اپنی بے بسی پر آنسو بہاتی رہ گئیں۔
زندگی کی تمام الجھنوں کے باوجود عائشہ عمر حالیہ عرصے کے دوران متعدد فلموں میں بھی زبردست کردار ادا کرتے ہوئے اپنا نام بنائے ہوئے ہیں۔ کراچی سے لاہور، لو میں گم، میں ہوں شاہد آفریدی، یلغار، سات دن محبت ان اور کاف کنگنا سمیت متعدد ڈراموں میں کام کر چکی ہیں، انہوں نے ایک آئٹم سونگ بھی کیا جسے بہت سراہا گیا۔ رواں برس عائشہ عمر کی تین فلموں کی ریلیز متوقع ہے جن میں ڈھائی چال ، رہبرا اور منی بیک گارنٹی شامل ہیں۔
جب 2020 کا پہلا سورج طلوع ہوا تو عائشہ عمر نے اعلان کیا تھا کہ وہ رواں سال سوشل میڈیا پر توجہ دینے کی بجائے خود پر زیادہ دھیان چاہیں گی۔ اب عائشہ سوشل میڈیا پر بھی زیادہ متحرک نہیں بلکہ شوبز کی سرگرمیوں کے بعد زیادہ وقت وہ اپنے ساتھ ہی گزار رہی ہیں، شاید عائشہ اب اظفر رحمان کی ازدواجی زندگی کی حقیقت کو تسلیم کرچکی ہیں۔ کچھ عرصہ قبل عائشہ نے اظفر کو سالگرہ پر محبت بھرا پیغام بھی بھیجا اور کچھ مہینے قبل ایک ایوارڈ شو میں دونوں نے ڈانس پرفارمنس بھی دی۔ عائشہ کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ اب عائشہ تنہا جینے کی عادی ہوچکی ہیں، شاید اظفر رحمان کے بعد عائشہ کا کسی پر دل نہیں آیا، یا پھر خوبصورت دل والی عائشہ اب دوبارہ دل ٹوٹنے کا رسک نہیں لینا چاہتیں۔۔
