کرونا: اظہرعلی کا شرٹ اور بیٹ نیلام کرنےکا اعلان

قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ‏اظہر علی نے سوشل میڈیا پر اپنی شرٹ اور بیٹ نیلام کرنے کا اعلان کر دیا۔
کپتان اظہر علی نے ٹوئٹر پرایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے فنڈز اکٹھا کرنے کےلیے اپنے دل کے قریب چیزوں کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اظہر علی نے جس بیٹ کے ساتھ اپنے کیرئیر کی واحد سینچری اسکور کی وہ اس بیٹ کو نیلام کریں گے جس کےلیے انہوں نے بنیادی قیمت 10 لاکھ روپے رکھی ہے، اسی طرح قومی کپتان چیمپئنز ٹرافی کی وننگ شرٹ بھی نیلام کریں گے اور انہوں نے اس کی بھی بنیادی رقم 10 لاکھ روپے رکھی ہے۔ ‏ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے 2016 میں دبئی میں کھیلے جانے والے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ناقابل شکست 302 رنز کی اننگز کھیلی تھی جب کہ وہ 2017 میں سرفراز احمد کی کپتانی میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستان ٹیم کا حصہ تھے۔
https://twitter.com/AzharAli_/status/1255016799583813632
اظہر علی کی جانب سے نیلام کےلیے مختص کی جانے والی چیمپئنز ٹرافی وننگ شرٹ پر چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے والی پاکستان ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے دستخط ہیں، اب کپتان اظہر علی نے یہی دونوں یاد گار چیزیں نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اظہر علی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت زندگی کے ہرشعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ متاثر ہوئے ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کےلیے مشکلات پیش آرہی ہیں، اس نیلامی سے جو بھی رقم اکٹھی ہوگی وہ ان لوگوں میں تقسیم کی جائے گی۔
اظہر علی نے مزید کہا کہ یہ میری ایک چھوٹی سی کوشش ہے تاکہ اس سے ان لوگوں کی مدد ہو سکے، بیٹ اور شرٹ میرے دل کے بہت قریب ہیں، سوچا تھا کہ میں ان کو سنبھال کر رکھوں گا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس مشکل وقت میں یہ چیزیں لوگوں کے کام آسکیں تو مجھے اس کی زیادہ خوشی ہوگی۔
‏ کپتان اظہر علی اس سے قبل وزیراعطم عمران خان کورونا وائرس ریلیف فنڈ میں 10 لاکھ روپے عطیہ کر چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button