افغان طالبان کا آپریشن غضب للحق کی عارضی معطلی کی خلاف ورزی کا دعویٰ بے بنیاد قرار

پاکستان نے افغان طالبان کے ترجمان کے دعوے کہ آپریشن “غضب للحق” کی عارضی معطلی کی خلاف ورزی کی گئی، کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی وزارت اطلاعات سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی اور افغان رجیم کے دعوے بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔
وزارت نے کہا کہ یہ پروپیگنڈا دہشت گردی کی کارروائیوں کے جواز کے لیے کیا جا رہا ہے اور ممکن ہے کہ یہ طالبان کے اندر موجود مخالفین کی جانب سے بھی شروع کیا گیا ہو۔
وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان نے پہلے ہی اعلان کر دیا ہے کہ کسی بھی کارروائی پر عارضی وقفہ ختم ہونے کے بعد دہشت گرد کارروائیوں اور سرحد پار حملوں کا پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔
ملا ہیبت اللہ پاکستان میں دہشت گردی کیوں کروا رہا ہے؟
یاد رہے کہ عید الفطر کے احترام اور برادر اسلامی ممالک کی درخواست پر آپریشن “غضب للحق” عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ وزیر اطلاعات نے بتایا تھا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور قطر کی درخواست پر کارروائیاں روکی گئی ہیں اور آپریشن 24 مارچ کی درمیانی رات تک معطل رہے گا۔
