القسام بریگیڈز جنگ بندی کے بدلے یرغمالیوں کی رہائی پرآمادہ

مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیل سے 5 دن کی جنگ بندی کے بدلے 70 یرغمال خواتین و بچوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کر دی۔ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے آڈیو پیغام جاری کر دیا۔
آڈیو پیغام میں القسام بریگیڈز کے ترجمان نےکہا کہ قطری ثالثوں کو بتایا کہ ہم اسرائیل کے ساتھ 5 روزہ جنگ بندی کے بدلے غزہ میں قید 70 خواتین اور بچوں کو رہا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ قطری ثالثیوں کو بتایاکہ5 روز کے دوران مکمل جنگ بندی اور ہر انسانی امداد کی اجازت ہونی چاہیے۔
گزشتہ دنوں القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ کا کہنا تھاکہ ہمارے جنگجو زیر زمین، زمین پر اور ملبے کے نیچے سے حملے کرکے دشمن کو سرپرائز دے رہے ہیں، ہمارے جنگجو دشمن کےٹینکوں اور بلڈوزروں کو تباہ کر رہے ہیں، اسرائیلی فوج نے صرف ایک ہی مقصد حاصل کیا ہے اور وہ قتل عام اور مظالم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کو ایک دن یا ایک گھنٹہ بھی سکون نہیں ملے گا، دشمن اپنی جارحیت کی قیمت چکائے گا۔
