الیکشن میں ‘کشمیر بنے گا پاکستان’ کا نعرہ کہاں غائب ہو گیا؟

آزاد کشمیر میں جاری انتخابی مہم پر تبصرہ کرتے ہوئے سینئر صحافی حامد میر نے کہا ہے کہ ایک زمانہ تھا جب کشمیر میں الیکشن کا سب سے اہم ترین موضوع جموں کشمیر کی آزادی ہوا کرتا تھا اور سیاسی جماعتیں سرحد پار کے کشمیر کو بھارت سے آزادی دلانے کے وعدے کیا کرتی تھیں۔ لیکن آج وہ زمانہ آ گیا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں اور ان کے لیڈران کی تقاریر سن کر یہ گمان ہوتا ہے کہ جیسے جموں کشمیر کو نئی دہلی کے ہاتھوں فروخت کر دیا گیا ہے اور انتخابات کے بعد آزاد کشمیر کا ریاستی تشخص ختم کر کے اسے پاکستان کا ایک صوبہ بنا دیا جائے گا اور یوں مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے تاریخ کے اوراق میں گم کر دیا جائے گا۔
اپنے تازہ سیاسی تجزیے میں حامد میر کہتے ہیں کہ پانچ اگست 2019ء کو بھارت نے اپنے آئین کی دفعہ 370 اور 35 اے ختم کر کے جموں و کشمیر کے ریاستی تشخص کو ختم کر دیا تھا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ہر جمعے بھارت کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ لیکن یہ احتجاج جمعہ جمعہ چار دن بھی نہیں چلا۔ اب پچیس جولائی 2021ء کو آزاد کشمیر میں الیکشن ہونے جا رہے ہیں تو عمران خان کے وزراء نے بھارت کے بجائے اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے۔
حامد میر کہتے ہیں کہ وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کو غدار اور نواز شریف کو ڈاکو قرار دے دیا۔ دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کے خلاف بھی خوب زہر اُگلا اور کہا کہ عمران خان نئی دہلی سے ڈکٹیشن لیتے ہیں اور اسی لیے انہوں نے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کو این آر او بھی دیا۔ بلاول نے اپنی تقریروں میں مسلم لیگ (ن) پر طنز کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ پہلے یہ کہتے تھے کہ آر ہو گا یا پار ہو گا لیکن اب یہ کہتے ہیں کہ پاؤں پکڑیں گے۔ نام لیے بغیر شہباز شریف اور مریم نواز پر بلاول کی تنقید سے یہ پتا چلتا ہے کہ کم از کم انہیں یقین ہے کہ چچا بھتیجی اندر سے ایک ہیں۔
دوسری جانب مریم نواز اپنی تقریروں میں بلاول کو جواب دینے سے گریز کر رہی ہیں۔ ان کا ہدف صرف اور صرف عمران خان ہیں۔ مریم نواز کے جلسوں میں عام لوگوں کی بڑی تعداد کی شرکت سے پیپلز پارٹی والے کچھ پریشان نظر آتے ہیں لیکن تحریک انصاف والے بالکل مطمئن ہیں۔ انہیں پتا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں ویسا ہی ہوتا ہے، جیسا کہ بلوچستان میں ہوتا ہے یا جیسا چند ماہ قبل گلگت بلتستان میں ہو چکا ہے۔ عوام ووٹ جسے بھی ڈالیں کامیاب وہی ہوتا ہے، جسے اسلام آباد والوں کی تائید حاصل ہوتی ہے۔ حامد میر کہتے ہیں کہ یہ ایک خطرناک تاثر ہے۔ اسی تائثر نے 1987ء میں جموں کشمیر کے نوجوانوں کو بھارت کے خلاف بندوق اٹھانے پر مجبور کیا تھا۔ پاکستان کے حکمران طبقے نے کبھی آزاد کشمیر کو ایک رول ماڈل بنانے کی کوشش نہیں کی۔ مظفر آباد میں ہمیشہ اسلام آباد کی مرضی کی حکومت بنتی ہے اور سری نگر میں نئی دہلی کی حکومت کی مرضی کی حکومت بنتی ہے۔
جیو ٹی وی سے آف ائیر کر دیے جانے والے سینئر تجزیہ کار کہتے ہیں کہ پانچ اگست 2019ء کے بعد سے آزاد کشمیر کے لوگ ملک کی تینوں بڑی سیاسی جماعتوں سے مایوس ہیں۔ عام کشمیری کا خیال ہے کہ عمران خان اور ان کے ساتھی پانچ اگست 2019ء کے ‘سقوط کشمیر‘ کے ذمہ دار ہیں۔ عام کشمیری پیپلز پارٹی سے بھی ناراض ہے، جس نے 2018ء کے انتخابی منشور میں گلگت بلتستان کو علیحدہ صوبہ بنانے کا وعدہ شامل کر کے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں سے روگردانی کا آغاز کیا۔ یہی عام کشمیری آج تک نہیں بھولا کہ 2015ء میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے روس کے شہر اوفا میں نریندر مودی سے ایک ملاقات کی اور ملاقات کے بعد، جو اعلامیہ جاری ہوا، اس میں مسئلہ کشمیر لاپتا تھا۔ کچھ دنوں بعد نریندر مودی اچانک جاتی عمرہ لاہور میں نواز شریف کے مہمان بنے بیٹھے تھے۔
حامد میر کہتے ہیں کہ شاید مریم نواز کو عام کشمیری کے جذبات کا احساس ہے، اسی لیے انہوں نے اپنے جلسوں میں یہ نعرہ لگوانا شروع کر دیا ہے،” بچہ بچہ کٹ مرے گا، کشمیر صوبہ نہیں بنے گا‘‘۔ اس نعرے کے بعد مریم نواز بہت سے قوم پرست کشمریوں کے لیے قابل قبول بن گئی ہیں۔ خدشہ ہے کہ پچیس جولائی کے انتخابی نتائج اگر متنازعہ بن گئے تو مظفرآباد کی سیاست میں ایک ایسا طوفان جنم لے سکتا ہے، جس کے اثرات پاکستان کی سیاست پر بھی مرتب ہوں گے۔
حامد میر بتاتے ہیں کہ آزاد کشمیر اور اسلام آباد کی سیاست کے مابین گہرے تعلق کے کچھ نظارے ہم قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دیکھ چکے ہیں۔ کشمیر کے جلسوں میں علی امین گنڈا پور کی بدزبانی پر مبنی تقریروں کا ردعمل ہم نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دیکھا۔ شکر ہے علی امین گنڈاپور نے ذوالفقار علی بھٹو کو صرف غدار ہی کہا، کافر نہیں کہہ دیا۔ ویسے بھی غداری کا الزام پاکستان میں کوئی گالی نہیں رہا کیونکہ جنرل ایوب خان نے الزام محترمہ فاطمہ جناح پر بھی لگایا تھا اور اس وقت ذوالفقار علی بھٹو بھی ایوب خان کے ساتھ تھے۔
حامد میر کہتے ہیں کہ ایوب کابینہ کے رکن رہنے والے ذوالفقار علی بھٹو کے صرف ایک فیصلے نے انہیں عوام میں لیجنڈ بنا دیا تھا کیونکہ 1977ء کے مارشل لاء کے بعد انہوں نے فوجی آمر جنرل ضیاء الحق کے ساتھ ڈیل کرنے کے بجائے یہ اعلان کیا کہ میں تاریخ کے ہاتھوں مرنے کی بجائے فوج کے ہاتھوں مرنا پسند کروں گا۔‘‘ بھٹو کو پھانسی لگانے کے بعد جنرل ضیاء کے حکم پر ان کے جسم کے پوشیدہ اعضاء کی تصاویر بنائی گئیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ ان کا ختنہ ہوا تھا یہ نہیں۔ راولپنڈی جیل کے سابق سپریٹنڈنٹ کرنل رفیع الدین نے اپنی کتاب’ بھٹو کے آخری 323 دن ‘ میں لکھا ہے کہ انہیں سرکاری طور پر کہا گیا تھا کہ بھٹو کی والدہ ہندو تھیں، جن کے ساتھ ان کے والد نے زبردستی شادی کی اور بھٹو کے ختنے نہیں ہوئے تھے۔ تاہم جب پھانسی کے بعد چیک کرنے پر بھٹو مسلمان نکلے تو اس پر جنرل ضیاء کو بہت مایوسی ہوئی تھی۔
حامد میر کہتے ہیں کہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے پاکستان کی سیاست میں جو پولرآئزیشن پیدا ہوئی وہ ابھی تک ختم نہیں ہوئی۔ علی امین گنڈاپور ایک ریٹائرڈ فوجی افسر کے برخوردار ہیں اور موصوف کی بھٹو سے نفرت کے پیچھے جنرل ضیاءالحقی سوچ ہے جس نے پاکستان میں جھوٹ، منافقت اور دغا بازی کو ایک سرکاری پالیسی بنایا۔ آج ہماری سیاست میں سب ایک دوسرے کے خلاف جھوٹ بول رہے ہیں اور سچائی لاپتا ہو چکی ہے۔ آئین اور جمہوریت سے لوگوں کا اعتماد اٹھ رہا ہے۔
حامد میر کہتے ہیں کہ ان حالات میں اگر آزاد کشمیر میں 25 جولائی کو آزادانہ اور منصفانہ الیکشن نہیں ہوئے تو اس کے نتائج بہت سنگین ہوں گے لہذا ضلع بہکر ہوگا کہ کہ آزاد کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق ہی اگلی حکومت بنانے دی جائے۔
