الیکشن کمیشن نے عمران خان کو دوبارہ طلب کر لیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سوات جلسے کے دوران انتخابی مہم کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم عمران خان کو دوبارہ طلب کرلیا ہے. میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیر اعظم کو 21 مارچ کو طلب کیا گیا ہے. بتایا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر سوات نے وزیراعظم عمران خان کے علاوہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کو بھی طلب کیا ہے. یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 31 مارچ کو شیڈول ہے جس پر الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو دورہ سوات سے منع کیا گیا تھا تاہم منع کرنے کے باوجود وزیر اعظم نے سوات میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا. اس قبل بھی ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے وزیر اعظم کو 18 مارچ کو طلب کیا تھا، جبکہ الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم عمران خان کو دیر میں جلسے پر بھی نوٹس جاری کیا تھا. یہ بھی واضح رہے کہ صدر مملکت کی جانب سے 19 فروری کو جاری ایک آرڈیننس میں پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی کے منتخب ممبر کو کسی بھی حلقے میں جلسوں میں شرکت یا خطاب کی اجازت دی گئی ہے جس پر الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ سیاسی جماعتوں، انتخابی مہم میں حصہ لینے والے امیدواروں اور انتخابی مشق میں شامل دیگر کے لیے ضابطہ اخلاق وضع کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے.
