الیکشن کمیشن نے DROs اور ROs کی ٹریننگ روک دی
ای سی پی نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کی جاری ٹریننگ روک دی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ عدالتی حکم کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے پنجاب، سندھ ،کے پی کے اور بلوچستان کے الیکشن کمشنرز کو ہنگامی بنیاد پر مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کی ٹریننگ لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں جاری تھی، واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 8 فروری کے عام انتخابات بیورو کریسی سے کروانے کیلئے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کردیا ہے۔
عدالت نے انتخابات ایگزیکٹو سے کروانے کے خلاف درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی اور جسٹس علی باقر نجفی نے فائل چیف جسٹس کو ارسال کر دی۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ڈپٹی کمشنرز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کی ٹرانسفر پوسٹنگ پر بھی پابندی عائد کی تھی۔