’’الیکشن 2024 کی آمد پر ملک میں پارٹی نغموں کی بہار‘‘

2024 انتخابات کے دوران ملک بھر میں پارٹی نغموں کی بہار ہے، سوشل میڈیا پر پارٹی نغمیں زور و شور سے شیئر کیے جا رہے ہیں، تاہم پی ٹی آئی کے نغمے ملکو کی آواز میں خوب مقبولیت حاصل کر رہے ہیں، خاص طور پر ’’نک دا کوکا‘‘ نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔گانے تیار کرنے والوں کی فہرست میں اس وقت مشہور لوک گلوکار محمد اشرف ملک المعروف ملکو سب سے آگے ہیں، ملکو نے پی ٹی آئی کی انتخابی مہم کے لیے اب تک کئی گانے گائے ہیں جبکہ ان کا ’نک دا کوکا‘ کے تین ورژن ریلیز ہو چکے ہیں، ملکو نے حال ہی میں حلقہ پی پی 71 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ایڈووکیٹ نعیم پنجوتھہ اور شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کے لیے بھی اِسی طرز پر گانا بنایا ہے۔جب ملکو نے عمران خان کے لیے گانا ’نک دا کوکا‘ گایا تو یہ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا اور دعوؤں کے مطابق ملکو کے اس گانے نے انڈین میوزک کمپنی ٹی سیریز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔پارٹی نغمے گانے والوں میں شاہد امان عرف پٹولہ بھی شامل ہیں، انھوں نے ملکو کو جواب دینے کے لیے اپنے گانے میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی تعریفوں کے پل باندھے ہیں، مسلم لیگ ن کے لیے بنایا گیا گانا ’نک دا کوکا‘ 10 جنوری کو ریلیز کیا گیا۔شاہد امان نے اُردو نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’جب بھی کسی کو جواب دیا جاتا ہے تو اُس کے الفاظ لے کر اس میں رد و بدل کر دیا جاتا ہے۔ ملکو نے گایا ہے کہ ’نک دا کوکا ڈھٹا رتوکا’ جبکہ میں نے ’نک دا کوکا ڈھٹا راکوکا‘ گایا ہے۔ باقی میں نے اپنے گانے میں نواز شریف کی تعریف کی ہے اور کسی کے خلاف کچھ نہیں گایا، وہ بتاتے ہیں کہ ’یہ گانا خالص سرائیکی زبان کا نہیں بلکہ یہ سرائیکی کا ایک لہجہ ہے جسے رچناوی بھی کہا جاتا ہے۔شاہد امان عرف پٹولہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اب تک سینکڑوں گانے گائے ہیں۔ اس گانے کے بول انہوں نے خود لکھے ہیں جبکہ اسے گایا بھی خود ہی ہے۔ اس پر ایک لاکھ روپے کا خرچہ آیا ہے، ’اس گانے کے بول بھی میرے ہیں اور گانے کی پروڈکشن سے لے کر گانا گانے تک سب میں نے اپنے خرچے پر کیا ہے۔ وہ اب اس (گانے) کا پارٹ ٹو بھی بنا رہے ہیں۔نواز شریف کی جیت کی صورت میں ان سے ملاقات کے لیے بھی جاؤں گا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ گانے میں خاتون سنگر دعا ہیں جن کا تعلق لاہور سے ہے۔ اور ان کی گوری رنگت کی وجہ سے سب انہیں پٹولہ کہتے ہیں۔یوٹیوب پر ان کا گانا 16 ہزار لوگوں نے دیکھا لیکن فیس بُک پی ایم ایل این نامی ایک صفحے پر دیکھنے والوں کی تعداد آٹھ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے لیکن ساتھ ہی صارفین اسے ملکو کے گانے کی کمزور کاپی بتا رہے ہیں۔بلال احمد نامی صارف نے لکھا کہ ’ہر ماسٹر پیس کی ایک کمزور کاپی بھی ہوتی ہے۔ اس لیے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ اسی طرح حافظ عبدالحنان جٹ نامی صارف نے لکھا کہ ’بندہ کاپی کرے لیکن اتنا بھی نہیں کہ غصہ آجائے۔‘ملکو کے منیجر احتشام نے بتایا کہ انتخابی مہم شروع ہوتے ہی ملکو کی مصروفیات میں اضافہ ہو گیا ہے، ملکو کو اس وقت لاتعداد آفرز آ رہی ہیں۔ ہر روز پانچ سے سات امیدوار اُن سے رابطے کر رہے ہیں اگر مسلم لیگ ن یا کسی اور جماعت کے امیدوار بھی رابطہ کریں گے تو اُن کے لیے بھی گا دیں گے۔

Back to top button