امریکا، خلیج فارس کو واشنگٹن سمجھنے کی غلطی نہ کرے

ایران اور امریکا کے درمیان جاری تازہ کشیدگی پر ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکا کو پیغام دیا ہے کہ اسے روزانہ کی بنیاد پر ایرانی قوم کے خلاف منصوبہ بندی نہیں کرنی چاہیے۔
تہران اور امریکا کے درمیان حالیہ عرصے کے دوران ہونے والے تنازعات کی وجہ سے تجارتی محاذ آرائی جاری ہے اور سمندر میں بھی کئی مواقعوں پر دونوں کی کشتیاں اور مسلح دستے آمنے سامنے آ چکے ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان آخری مرتبہ کشیدگی اس وقت انتہا کو پہنچ گئی تھی جب 15اپریل کو امریکا نے کہا تھا کہ بحیرہ عرب میں 11ایرانی کشتیوں نے امریکی بحریہ کی کشتیوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا تھا کہ انہوں نے امریکی بحریہ کو حکم دیا ہے کہ اگر ایران ہماری کشتیوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کرے تو انہیں تباہ کر دیں۔ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے امریکی ہم منصب اس بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکیوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اس خلیج کو خلیج نیویارک یا خلیج واشنگٹن نہیں بلکہ خلیج فارس کہا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکیوں کو اس نام سے صورتحال کو سمجھنا چاہیے اور اس ساحلی قوم کے نام سے چیزوں کو سمجھنا چاہیے جو کئی ہزاروں سالوں سے اس پانی کی حفاظت کر رہی ہے، انہیں ایرانی قوم کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر منصوبہ بندی نہیں کرنی چاہیے۔کابینہ کے اجلاس کے بعد ٹیلی ویژن سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کے سپاہی انقلاب کے محافظ ہیں، فوج، باسج اور پولیس خلیج فارس کی محافظ رہی ہیں اور ہمیشہ رہیں گی۔ایران اور امریکا کے درمیان کئی دہائیوں سے تنازعات چل رہے ہیں لیکن دونوں ملکوں کے دوران تناؤ اس وقت انتہا کو پہنچ گیا تھا جب ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے کیے گئے جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا گیا تھا اور ان کے جوہری پروگرام کو منجمد کرتے ہوئے ایران پر سخت معاشی پابندیاں عائد کردی تھیں۔
دونوں حریف گزشتہ سال جولائی سے اب تک دو مرتبہ براہ راست فوجی لڑائی کے انتہائی قریب آئے گئے تھے۔ گزشتہ سال ایران نے امریکی ڈرون کو مار گرایا تھا اور اس موقعپر ٹرمپ نے جوابی فضائی حملے کو آخری وقت میں روک لیا تھا۔پھر رواں سال جنوری میں عراق میں امریکی فضائی کارروائی میں ایرانی جنرل قاسلم سلیمانی ہلاک ہو گئے تھے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان باقاعدہ جنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔
